انٹر بورڈ: امپروومنٹ آف ڈویژن کے طلبہ کا مستقبل داؤ پر

انٹر بورڈ:  امپروومنٹ آف ڈویژن کے طلبہ کا مستقبل داؤ پر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے امپروومنٹ آف ڈویژن کے سینکڑوں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگا دیا۔ چیئرمین اور ناظم امتحانات کی جانب سے اردوکا پرچہ پرانے اور نئے نصاب کے مطابق الگ الگ طلبہ کو مہیا کرنے کی ۔۔۔

یقین دہانی کے باوجود بدھ کو اردو کا پرچہ سال 2022کے نئے نصاب کے مطابق امتحانی مراکز میں طلبہ کو تھما دیا گیا اور سال 2021ء کے اردو کے نصاب سے پرچہ کی تیاری کرنے والے سینکڑوں طلبہ کو پرچہ حل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔  متاثرہ طلبہ نے بورڈ کے اس اقدام کے خلاف احتجاج کا عندیہ بھی دیا ہے ۔ امتحانات سے دو روز قبل چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے پریس کانفرنس اور ناظم امتحانات ظہیر الدین بھٹو نے اردو کے پرچہ سے ایک روز قبل واضح کیا تھا کہ 2021ء میں اردو کے پرچے میں کامیاب طلبہ جو امپروومنٹ آف ڈویژن کے امتحانات دینے کے خواہش مند ہیں ان کا پرچہ2021ء میں شائع اردو کی کتاب سے بنایا جائے گا جبکہ 2022ء کے طلبہ کا پرچہ2022ء میں شائع اردو کے نئے نصاب سے ہوگا۔ طلبہ اور والدین کا کہنا تھا کہ اگر اس حوالے سے بورڈ نے داد رسی نہ کی تو احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ۔دوسری جانب بورڈ کے چیئرمین نے کہا ہے کہ ایسے طالبعلم جو سمجھتے ہیں کہ انہیں پرانے نصاب کے بجائے نئے نصاب کاپرچہ دیا گیا ہے تو وہ 20جون کو صبح نو بجے انٹربورڈ کے آڈیٹوریم میں پرانے نصاب کے مطابق پرچہ دے سکتے ہیں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں