کنری ،کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کیلئے جائزہ اجلاس

 کنری ،کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کیلئے جائزہ اجلاس

کنری(نمائند ہ دنیا )کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو مالکانہ حقوق دینے سے متعلق اجلاس اسسٹنٹ کمشنر کی زیر صدارت منعقد ہوا،جس میں مختار کار،منتخب بلدیاتی نمائندوں اور تپے داروں نے شرکت کی۔

اطلاعات کے مطابق صوبائی وزیر نواب تیمور تالپور اور پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نواب محمد یوسف تالپور کی ہدایت پر سندھ حکومت کی جانب سے کنری سٹی کی کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کے حوالے سے جائزہ اجلاس اسسٹنٹ کمشنر کنری جنید عالم کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا،جس میں مختار کار کنری ثناء اللہ ابڑو، کیول کمار،کونسلرز سید منظور علی،محمد عثمان بلوچ،سینئر صحافی فتح روز خان اور متعلقہ تپے داروں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران پہلے مرحلے میں بلوچ پاڑے کی کچی آبادی کے رہائشیوں کو مالکانہ حقوق دینے کے حوالے سے ترتیب دی گئی فہرست اور نقشے کا جائزہ لیا گیا، جب کہ تصدیقی عمل کیلئے فہرست بلوچ پاڑے کے وارڈ کونسلر عثمان بلوچ کے حوالے کی گئی ،تاکہ شفاف طریقے سے اس عمل کو مکمل کیا جائے ۔اسی طرح محلہ امیر آباد کے وارڈ نمبر 317 کے کچھ حصے اور وارڈ نمبر 318 کے ایک بڑے حصے پر مشتمل کچی آبادی کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے سے متعلق بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جنید عالم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سندھ حکومت کے احکامات پر شفاف طریقے سے کچی آبادی کے رہائشیوں کو مالکانہ حقوق دینے کا عمل جلد مکمل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کی مشاورت سے اس میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ بلوچ پاڑے کے رہائشیوں کو مالکانہ حقوق دینے کے حوالے سے سروے کا کام کئی سال قبل مکمل کیا جا چکا ہے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں