میرپورخاص :سول اسپتال میں آپریشن تھیٹر ،او پی ڈی کا بائیکاٹ
میرپورخاص ،حیدرآباد (بیورو رپورٹ، نمائندہ دنیا )سول اسپتال میرپور خاص میں مبینہ طور پر نجی ملازمین کی بھرتیوں کے خلاف ڈاکٹروں نے احتجاجاً او پی ڈی اور آپریشن تھیٹر کا بائیکاٹ کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر لیکراج راٹھور، ڈاکٹر فدا برفت، ڈاکٹر ماجد پٹھان، ڈاکٹر سنیل اور دیگر نے کہا کہ سول سرجن ڈاکٹر شیرو موتی نے اسپتال میں طبی عملے کی ملی بھگت سے سرکاری ملازمین کی جگہ نجی ملازمین کو تعینات کیا ہے جو کہ اسپتال کے رولز کی خلاف ورزی ہے ۔ علاوہ ازیں احتجاج کے بعد سول سرجن نے مظاہرین اور ڈاکٹروں کو بلا کر ان سے بات چیت کی اور ان کی رضامندی سے وارڈز میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی ڈیوٹیاں لگانے کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جس پر ڈاکٹروں نے عارضی طور پر ہڑتال موخر کردی ،تاہم سول اسپتال میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث آنے والے سیکڑوں مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والے لوگوں کو شدید مشکلات کاسامناکرنا پڑا جبکہ علاج کی سہولت نہ ملنے کی وجہ سے کئی مریضوں کی حالت بھی بگڑ گئی۔ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی تنظیموں پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنما ڈاکٹر پیر منظور علی نے وزیراعلیٰ ٰسندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر صحت اور سیکریٹری صحت سے اپیل کی ہے کہ محکمہ صحت کے ملازمین کیلئے مستقل بنیادوں پر ہیلتھ رسک الاؤنس کا اعلان کیاجائے ،بصورت دیگر وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کے گھر کے سامنے دھرنا دیں گے ، جس کی ذمہ داری حکومت سندھ پر عائد ہوگی۔ ڈاکٹر پیر منظور علی نے کہاکہ محکمہ صحت کے ملازمین کو چھ مہینے سے رسک الاؤنس کی رقم ادا نہیں کی جا رہی ہے ۔