مویشی منڈی میں سبی کے سلطان کی دھوم، قیمت40لاکھ

 مویشی منڈی میں سبی کے سلطان کی دھوم، قیمت40لاکھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عیدالاضحی پر قربانی کے جانوروں کے لیے لگنے والی مویشی منڈی 2023 میلہ مویشیاں کا منظر پیش کرنے لگی۔

مویشی منڈی کے جنرل بلاک میں موجود ایک بیوپاری نے گنی نسل کی چھوٹے قد والی خوبصورت گائے (گنی) جسے وہ پیار سے بھوری کہتا ہے کی ایک کروڑ ڈیمانڈ کردی ہے، جبکہ سبی نسل کا خوبصورت اور بڑے سینگوں والا بیل بھی شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، 40 لاکھ کا سلطان اپنی شان آپ ہے۔ مختلف شہروں سے مختلف رنگ و نسل کے 50 ہزار سے زائد قربانی کے جانور گاڑیوں میں لدے روزانہ کی بنیاد پر مویشی منڈی ناردرن بائی پاس کا رخ کر رہے ہیں۔ ترجمان مویشی منڈی یاور رضا چاؤلہ کے مطابق خوبصورت جانور سب کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، شہری اپنی فیملیز کے ساتھ بھی قربانی کے جانور خریدنے آرہے ہیں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں نے مویشی منڈی کے اطراف اور اطراف کی شاہراہوں پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، جبہ پولیس کے الرٹ دستے آنے جانے والے افراد کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں اور لوگوں کی چیک پوسٹوں پر تلاشی لی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مویشی منڈی جانے والے راستوں پر پولیس کے جوان 24 گھنٹے پیٹرولنگ کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے شہری خود کو محفوظ سمجھتے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مختلف تھانوں کی 200 سے زائد نفری سیکیورٹی کیلئے تعینات ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں