غیر قانونی ہائیڈرنٹس فعال ہونے پر تھانیدار کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

غیر  قانونی  ہائیڈرنٹس  فعال  ہونے  پر  تھانیدار  کے خلاف  کارروائی  کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے کراچی میں تجاوزات اور پانی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔

اس حوالے سے چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں سندھ حکومت نے تجاوزات اور پانی چوری میں ملوث افراد کو سخت سزائیں دینے کی حکمت عملی مرتب کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بقا اللہ انڑ، سیکریٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ، ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے)، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) ،واٹر بورڈ، پولیس اور رینجرز کے حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی، کے ایم سی اور واٹر بورڈ کی زمین پر تجاوزات کی رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ کراچی میں تجاوزات مافیا اور پانی چوروں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے سخت کارروائی کی جائے گی، غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف آج سے ضلع شرقی اور ضلع غربی میں آپریشن کیا جائے گا، غیر قانونی ہائیڈرنٹس دوبارہ فعال ہوئے تو متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے مزید کہا کہ تجاوزات مافیا اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی میں پولیس اور رینجرز بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ آپریشن میں حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی انکروچمنٹ فورس کو مزاحمت سے نمٹنے کے لئے آلات فراہم کئے جائیں گے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تفریق کیا جائے گا، شہر میں سب سے زیادہ پانی ضلع ایسٹ اور ویسٹ میں چوری کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسداد تجاوزات فورس کا بجٹ بھی بڑھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسداد تجاوزات فورس کو مزید عملہ اور اختیارات دیے جائیں گے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں