عالمی معیار کے مطابق پانی میں کلورین شامل کررہے، واٹر بورڈ

عالمی معیار کے مطابق پانی میں کلورین شامل کررہے، واٹر بورڈ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سی ای او واٹر بورڈ انجینئر سید صلاح الدین احمد نے پانی میں کلورین کے بجائے فنائل شامل کرنے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واٹر بورڈ نگلیریا کی روک تھام کے لیے دن رات کام کر رہا ہے۔۔

جبکہ عالمی ادارہ صحت کے مقرر کردہ معیار کے مطابق شہریوں کو فراہم کیے جانے والے پانی میں کلورین کی مقدار شامل کی جارہی ہے، اس کے علاوہ ہائیڈرنٹس سیل سے فراہم کیے جانے والے پانی میں بھی کلورین شامل کرنے کے عمل کو یقینی بنایا گیا ہے، واٹر بورڈ 6 مختلف مقامات پر واقع اپنے 9 فلٹر پلانٹس کے ذریعے پانی میں مناسب کلورین شامل کر رہا ہے، اس سلسلے میں سی او ڈی فلٹر پلانٹ، حب فلٹر پلانٹ، این آئی کے اولڈ، این ای کے ٹو، پپری فلٹر پلانٹ سمیت گھارو فلٹر پلانٹ میں باقاعدہ کلورین شامل کی جارہی ہے، جبکہ واٹر بورڈ ضرورت کے مطابق کلورین کے ہر ماہ تقریباً 240 سلنڈر استعمال کرتا ہے، واٹر بورڈ پہلے مرحلے میں پری فلٹریشن کلوری نیشن تقریباً 1.0 پی پی ایم، جبکہ دوسرے مرحلے میں پوسٹ فلٹریشن کلوری نیشن 2.0 پی پی ایم کرتا ہے، اس کے علاوہ لیب یونٹ اسٹاف مختلف علاقوں میں پانی میں کلورین کی مقدار چیک کر رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ ماہانہ بنیادوں پر عمارتوں کے تمام زیر زمین اور اوور ہیڈ ٹینکوں کو ٹھیک طریقے سے صاف رکھیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں