حیدرآباد اور لاڑکانہ میں مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرے
حیدرآباد،اندرون سندھ(نمائندگان دُنیا) جماعت اسلامی زون وسطی کے تحت باب السلام مسجد نزد ضلع کونسل کے سامنے کمر توڑ مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے۔۔۔
مظاہرے سے صوبائی رہنما جماعت اسلامی و سابق ایم پی اے عبدالوحید قریشی، ناظم زون وسطی اصغر علی خان یوسف زئی نے خطاب کیا اور کہا کہ مہنگائی کر کے غریبوں پر زندگی تنگ کر دی گئی ہے ،ملک میں نا اہل حکمرانوں کی حکومت چل رہی اور ہر دور میں یہی چہرے نظرآتے ہیں۔ لاڑکانہ میں ایپکا کی جانب سے پاک فوج کی حمایت، بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف اور مطالبات کے حق میں ڈی ای او پرائمری آفس سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب کے سامنے پہنچی جہاں ملازمین نے نعرے بازی کی اور کہا کہ پاک فوج کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے عام لوگوں کے ساتھ سرکاری ملازمین بھی دو وقت کے کھانے کے لیے پریشان ہیں ،کئی سال سے ملازمین کو ٹائم اسکیل، یوٹیلیٹی الائونس، موجودہ کیڈرز کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر جائز مراعات سے محروم رکھا گیا ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 200 فیصد اضافہ کیا جائے اور ملازمین کے بچوں کو گریڈ ایک میں ملازمتیں دے کر دیکر جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں۔ سکھر میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور و پیرا میڈیکل اسٹاف کی جانب سے سول اسپتال کے احاطے میں مطالبات کے حصول کیلئے احتجاجی مظاہرہ کرکے نعرے بازی کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ آئندہ بجٹ میں ہمیں پروفیشنل الائونس دیا جائے اور ہمارے دیگر جائز مسائل حل کیے جائیں۔ دولت پور سے نمائندے کے مطابق ضلع شہید بے نظیر آباد میں پرائمری اساتذہ کی پرموشن میں میرٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے سینیارٹی کی دھجیاں اڑانے کے خلاف متاثرہ اساتذہ نے دولت پور پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور کہا کہ سابق ڈائریکٹر اسکولز ایجوکیشن شہید بے نظیر آباد ڈویژن نے مبینہ طور پر سینیارٹی کو مکمل نظر انداز کرتے ہوئے من پسند استادوں کی پرموشن کی ہے ،شکایات کے باوجودمحکمہ ایجوکیشن کا کوئی افسرانصاف فراہم کرنے کے لیے تیار نہیں ،متاثرہ اساتذہ نے وزیر اعلیٰ ،وزیر وسیکریٹری تعلیم سے مطالبہ کیا کہ مستحق اساتذہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔ ٹھٹھہ سے نمائندے کے مطابق ٹھٹھہ کی تمام سیاسی و سماجی تنظیموں نے اعلان کیا ہے کہ ٹھٹھہ میں پانی کی قلت اور گیس و بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف اتوار کو مکلی بائی پاس پر دھرنا دیکر حیدرآباد، سجاول، بدین، ٹنڈو محمد خان ، کراچی جانے والی ٹریفک معطل کردی جائے گی۔یہ فیصلہ جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا جس میں رہنمائوں نے کہا کہ ٹھٹھہ سے مکلی تک سیکڑوں لوگوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا جبکہ آج شٹر بند ہڑتال کی گئی جس پرکسی منتخب نمائندے نے کوئی توجہ دی نہ ہی ضلعی انتظامیہ نے رابطہ کیا لہذا ہم نے اب فیصلہ کیا ہے کہ پانی کی فراہمی اور بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے بعد ہی احتجاج ختم کیا جائے گا۔ رانی پور میں نعمت اللہ نامی شخص نے سابق بیوی کے گھر پر قبضے کے خلاف احتجاج کیا اور کہا کہ اس نے چند برس قبل ایک خاتون سے پسند کی شادی کی تھی جسے اس نے طلاق دیدی تاہم اب سابق بیوی نے ہمارے مکان پر قبضہ کرلیا ہے اور ہمیں سنگین نتائج کی دھمکی دے رہی ہے ،اس نے پولیس حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی مظاہرے