وزیراعلیٰ کا صدام لاشاری ہلاکت کیس کی تحقیقات کا حکم
جیکب آباد(نمائندہ دنیا) وزیر اعلی سید مراد علی شاہ نے جیکب آباد پولیس کے مبینہ مقابلے میں صدام حسین لاشاری کی ہلاکت کے معاملے کی عدالتی تحقیقات کا حکم دیا ہے اس حوالے سے وزارت قانون کو تحریری احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں ۔۔
جبکہ دوسری جانب ڈی آئی جی لاڑکانہ کی جانب سے ایس ایس پی شکارپور اور لاڑکانہ پر مشتمل کمیٹی کی جانب سے صدام حسین لاشاری کی ہلاکت کے معاملے کی تاحال تحقیقات شروع نہیں ہوسکی جبکہ ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ نے تین روز میں رپورٹ دینے کا حکم دیا تھا جس میں سے دو دن بیت گئے ہیں،صدام حسین لاشاری کے ورثا نے رابطے کرنے پر بتایا کہ ڈی آئی جی لاڑکانہ کی تشکیل کردہ کمیٹی کے ارکان نے ہم سے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا ہے ۔دریں اثنا جیکب آباد میں لاشاری اتحاد کی جانب سے صدام حسین لاشاری کے مبینہ قتل کے خلاف احتجاج ریلی نکال کر شہر کے راستوں پر مارچ کیا گیا، مظاہرین نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور شہر کے اہم کاروباری مرکز ڈی سی چوک پر پولیس افسران کے پتلوں کو نذر آتش کیا۔ انہوں نے صدام حسین لاشاری کے قتل کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جبکہ سندھ ترقی پسندپارٹی کی جانب سے بھی صدام حسین لاشاری کے مبینہ قتل کے خلاف ضلعی دفتر سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔