لیاری ایکسپریس وے پرپیپلز بس کی نان اسٹاپ سروس کافیصلہ

لیاری ایکسپریس وے پرپیپلز بس کی نان اسٹاپ سروس کافیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے لیاری ایکسپریس وے پر پیپلز بس کی نان اسٹاپ سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ سلیم راجپوت، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دایو، ایڈیشنل سیکریٹری ٹرانسپورٹ کرن شیخ اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کی سفری دشواریوں کو کم کرنے کے لئے لیاری ایکسپریس وے پر پیپلز بس کی سروس شروع کی جائے گی۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ممبر منیر میمن اور ڈی آئی جی ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس جاوید علی مہر نے لیاری ایکسپریس وے پر ٹریفک کی روانی کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں لیاری ایکسپریس وے پر ابتدائی طور پر ٹیسٹ بس چلانے اور لیاری ایکسپریس وے پر بس سروس شروع کرنے کے حوالے سے سروے کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ لیاری ایکسپریس وے پر پیپلز بس سروس چلنے سے باقی سڑکوں پر ٹریفک کا بوجھ کم ہوگا ، سندھ حکومت عوام کو بہترین سفری سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے ۔ شرجیل انعام میمن نے ہدایات جاری کیں کہ 11 جون تک ٹیسٹ بس سروس اور سروے مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں