مختلف واقعات میں اندرون سندھ 4 افراد ہلاک

مختلف واقعات میں اندرون سندھ 4 افراد ہلاک

محراب پور،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا ) پکا چانگ تھانے کی حدود گاؤں رحمت اللہ چانگ میں لیموں کے باغ سے گاؤں لشکر چانگ کے رہائشی مصری عرف عاشق چانگ نامی نوجوان کی گولی لگی لاش برآمد ہوئی ۔۔۔

مقامی افراد کے مطابق نوجوان چور تھا جو مقامی افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا جبکہ نوجوان کے والد خیر محمد چانگ کے مطابق بیٹے کو ابراہیم چانگ، ببلو چانگ اور عبدالکریم چانگ نے مبینہ طور پر اغوا کے بعد قتل کیا ہے ۔دریں اثنا نانگی دفتری کے رہائشی نوجوان جاڑل راجپر نے گھریلو مسائل سے دل برداشتہ ہوکر روہڑی کینال میں چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی تاہم وہاں موجود لوگوں اور پولیس نے اسے بچالیا۔کنڈیارو کے نواحی گائوں عدر پنہور میں شادی کی خوشی میں کی گئی فائرنگ سے گلی میں موجود دس سالہ بچی بادشاہ زادی زخمی ہوگئی جو کنڈیارو اسپتال میں دم توڑ گئی ۔ میہڑ میں کاچھو کے علاقے فرید آباد کے گائوں متہیں عالیوال میں 5 سالہ بچہ علی دوست چانڈیو گھر کے آنگن میں کھیل رہا تھا کہ اس کے باپ نے ٹریکٹر ٹرالی نکالی تو بچہ اس کے نیچے آ کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ۔پنگریو کے نواحی گاؤں محمد عرس چانڈیو میں گھریلوتنازع پرچانڈیو برادری کے دو گروپوں کے تصادم میں دو افراد جاوید چانڈیو اور شاکر چانڈیوآہنی راڈکے وار سے زخمی ہو گئے ،ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار پر زخمی افراد کے رشتے داروں نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور آئی جی سندھ اور ایس ایس پی بدین سے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ سجاول کے نواحی گاؤں جانو جانوانی میں دیرینہ تنازع پر جانوانی برادری کے دو گروہوں میں لڑائی کے دوران فائرنگ سے 25 سالہ غمشاد جانوانی ہلاک اور بخت علی شدید زخمی ہوگیا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں