ٹھٹھہ میں پانی،بجلی وگیس کے ستائے شہریوں کا احتجاج

ٹھٹھہ میں پانی،بجلی وگیس کے ستائے شہریوں کا احتجاج

ٹھٹھہ،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا)بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت کے ستائے سیکڑوں افراد نے مکلی بائی پاس پر دھرنا دیکر نعرے بازی کی اور چھ گھنٹے ٹریفک کی آمدو رفت معطل کردی۔

 مظاہرین نے بجلی پانی گیس دو کے نعرے لگائے اس موقع پر اقبال جاکھرو ،محبوب بروہی اور دیگر نے کہا کہ 11 گھنٹے کی بجلی اور 7 گھنٹے کی گیس کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی شدید قلت سے ضلع ٹھٹھہ کے عوام اذیت ناک زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ چھ گھنٹے طویل دھرنے کے بعد ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ فاروق سومرو مظاہرین کے پاس پہنچ گئے اور انہوں نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ انکے مسائل حل کروائیں گے جس کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا۔ پنگریو سے گزرنے والی شادی اسمال نہر کی سی سی لائننگ کے دوران بااثر آبپاشی افسرکے دبائو پرواٹرکورس ایف آر 14 کا سائز غیر قانونی طور پر بڑھانے کے خلاف نہرکے آخری سرے کے کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے یونین کونسل اولیا جرکس کے چیئرمین شبیرحسین کمبوہ،محمداحمد اور دیگر کی قیادت میں نہر کی ٹیل سے پریس کلب پنگریوتک احتجاجی ریلی نکالی اوردھرنادیتے ہوئے کہا کہ اگر اس واٹرکورس کاسائز بڑھایاگیاتونہرکی ٹیل تک پانی بالکل نہیں پہنچے گا جہاں پہلے ہی پانی کی شدید قلت ہے ، اس واٹرکورس پراہم شخصیت کی زمین ہے جسے خوش کرنے کیلئے واٹر کورس کا سائز بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

مظاہرین نے وزیر وسیکریٹری آبپاشی ، ایم ڈی ایریاواٹربورڈلیفٹ بینک کینال اوردیگرمتعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ شادی اسمال واہ کے واٹرکورس کاسائزغیرقانونی طورپربڑھانے کافوری نوٹس لیاجائے ۔محراب پور میں اکری پریس کلب پر گاؤں محب شاہ کی رہائشی نواز خاتون موریجو نے اہل خانہ کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ زرعی اراضی نہ بیچنے پر اسکے بھانجوں نے ساتھیوں کے ساتھ اس کے گھر میں داخل کر خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اورسنگین کی دھمکیاں دی ہیں ، ہمارا اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ ہے کہ ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں