فیڈرل بی ایریا میں شہریوں کیلئے سینٹرل اسپتال کا سنگ بنیاد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ کے تعاون سے فیڈرل بی ایریا واٹر پمپ پر شہریوں کے لئے سینٹرل اسپتال کراچی تعمیر کیا جائے گا۔۔۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے وژن پر عملدرآمد کرتے ہوئے حکومت کراچی کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے گزشتہ روز سینٹرل اسپتال کراچی کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینیٹر وقار مہدی، صوبائی وزیر محنت سعید غنی و دیگر بھی موجود تھے۔ سینٹرل اسپتال میں علاج و معالجے کی سہولتیں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی نگرانی میں فراہم کی جائیں گی، اسپتال 6 منزلہ اور چار ٹاورز سمیت بیسمنٹ پر مشتمل ہوگا، اسپتال میں شہریوں کو جدید ٹراما سینٹر، جنرل اسپتال، کارڈیالوجی وارڈ، ایمرجنسی، گائنی، چلڈرن ایمرجنسی کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، جبکہ اسپتال میں کمیونٹی سینٹر اور نرسنگ اسکول کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا، اسپتال تقریباً 4 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا، ابتدائی مرحلے میں فیز ون کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید محمد علی شاہ نے کہا کہ واٹر پمپ پر کے ڈی اے اراضی پر تجاوزات کا خاتمہ کر کے شہریوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے حکومت سندھ کے تعاون سے سینٹرل اسپتال کراچی مختصر وقت میں تعمیر کیا جائے گا۔ تقریب میں ڈاکٹر قاضی واثق، ڈاکٹر غفور، ڈاکٹر سونیا نقوی، رضا قائم خانی و دیگر بھی موجود تھے۔