لیاری ایکسپریس وے لاوارث،کچرے سے سنگین حادثات کے خدشات بڑھ گئے

لیاری  ایکسپریس  وے  لاوارث،کچرے  سے  سنگین  حادثات  کے  خدشات  بڑھ  گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سہراب گوٹھ سے ماڑی پور تک شہر قائد کی اہم اور سگنل فری شاہراہ لیاری ایکسپریس وے ’’لاوارث ایکسپریس وے‘‘ بن گئی۔

 انتظامی غفلت کی شکار ایکسپریس وے پر پھینکے جانے والے کچرے سے سنگین حادثات کے خدشات بڑھ گئے، موٹر وے پولیس کی جانب سے کی جانے والی نشاندہی کو بلدیاتی اور شہری انتظامیہ نے ردی کی ٹوکری کی نذر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق لیاری ایکسپریس وے کے اطراف قائم کباڑ خانوں، کارخانوں اور رہائشی آبادی کی جانب سے ٹریک پر کچرا پھینکا جارہا ہے۔ ٹریک کے کنارے بھی بعض مقامات پر کچرا پڑا رہتا ہے۔ بعض مکانوں کی بالائی منزلوں سے کچرا براہ راست باہر کی جانب پھینکا جاتا ہے جو اڑ کر ٹریک پر آ جاتا ہے۔ ٹریک کے اطراف جگہ جگہ کچرا کنڈیاں قائم ہورہی ہیں، جہاں جمع ہونے والے کچرے کو آگ لگا دی جاتی ہے، جس سے ٹریک پر دھواں پھیل جاتا ہے اور حد نگاہ کم ہوجاتی ہے۔ شیرشاہ، لیاری، پرانا گولیمار، لیاقت آباد، غریب آباد سے متصل آبادیوں سے گزرنے والے ٹریک پر جگہ جگہ باڑے قائم ہیں، جو تعفن اور گندگی کا سبب بن رہے ہیں، کچرے میں شامل پلاسٹک بیگز فضا میں اڑتے دکھائی دیتے ہیں، جو اکثر اوقات تیز رفتار گاڑیوں کی ونڈ اسکرین سے چپک جاتے ہیں۔ شہریوں نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی، ڈی جی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، کمشنر کراچی و دیگر حکام سے اپیل کی کہ لیاری ایکسپریس وے پر توجہ دی جائے، یہاں سفر کرنے والے بھاری ٹول ٹیکس ادا کرتے ہیں، ایکسپریس وے کو لاوارث نہ چھوڑا جائے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں