عائشہ منزل پر ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف مقامات پر ہونے والے ٹریفک حادثات و واقعات میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گلبرگ کے علاقے عائشہ منزل پر قائم پٹرول پمپ کے قریب تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی، جس کی عمر 55 سال کے قریب ہے، جبکہ زخمی ہونے والے 35 سالہ مدثر ولد سخاوت کو طبی امداد دی جارہی ہے، جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ منگھوپیر تھانے کی حدود ناردرن بائی پاس پر قائم پمپ کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی عمر 30 برس کے قریب ہے، تاہم اس کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے۔ ڈرگ روڈ ریلوے پولیس کی حدود ناتھا خان ریلوے ٹریک کے قریب ٹرین کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔ قائد آباد کے علاقے لانڈھی لیبر اسکوائر گیٹ نمبر 2 کے قریب کرنٹ لگنے سے 40 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا۔ متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی۔