بروقت علاج کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال ضرورت،ڈاکٹرخالد

بروقت علاج کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال ضرورت،ڈاکٹرخالد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز پاکستان کے صدر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہا ہے کہ بیماریوں کی روک تھام، تشخیص اور بروقت علاج کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے۔۔۔

بیماریوں کی تشخیص اور علاج میں مشینوں کا اہم کردار ہے، مشینیں ڈاکٹروں اور فزیشنز کی جگہ نہیں لے سکتیں لیکن ان کے لیے مددگار ضرور ہیں۔ وہ کراچی میں برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن اور ڈیجیٹل کیئر کے درمیان پراکسیمی کے لیے دو طرفہ تعاون کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے ڈپٹی ہائی کمیشن اور ڈائریکٹر ٹریڈ سارا مونی، ڈیجیٹل کیئر کے سی ای او ڈاکٹر ذکی الدین احمد، پراکسیمی کے ریجنل ڈائریکٹر باسم ہشاش، ڈیجیٹل ٹرینڈ کے سی ای او صمد سلیم، ڈیجیٹل کیئر کے ڈائریکٹر علی احمد، معروف آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر شاہد نور اور ڈاکٹر روفینہ سومرو نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں طب کے شعبے میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال میں سی پی ایس پی پائنیر ہے، ہم ای لاگ سسٹم چلا رہے ہیں، 35 ہزار ٹرینیز اور 4 ہزار سے زائد سپروائزر مشینیں ہیلتھ کے شعبے میں لیڈ کر رہی ہیں، شعبہ صحت میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور مشینیں ڈاکٹرز کو سپورٹ تو کر سکتی ہیں لیکن یہ ڈاکٹروں کا متبادل نہیں ہو سکتیں۔ ڈیجیٹل کیئر کے سی ای او ڈاکٹر ذکی الدین احمدنے کہا کہ اس وقت 50 سے زائد ملکوں کے سرجنز اور 500 سے زیادہ سرجری کے مراکز پراکسیمی کا استعمال کر رہے ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں