علما کو دہشتگردوں کے رحم وکرم پرچھوڑدیا گیا،حسین محنتی

 علما کو دہشتگردوں کے رحم وکرم پرچھوڑدیا گیا،حسین محنتی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے ممتاز عالم دین اور جامعہ ابی بکر کے مہتمم مولانا ضیاء الرحمان مدنی کے بہیمانہ قتل کی سخت مذمت اور تمام مسالک کے شہید علماکے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے متحدہ جدوجہدپر زور دیتے ہوئے کہا ہے۔۔

کہ حکومت اور اداروں نے عملی طور پر علماوسندھ کے عوام کو ڈاکوؤں،دہشتگردوں اور ٹارگٹ کلرز کے رحم وکرم پر چھوڑدیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ ابی بکر میں مولانا ضیاالرحمن مدنی کی شہادت کے حوالے سے منعقدہ احتجاجی و تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آج تک کسی بھی عالم کے قاتل کا نہ پکڑا جانا سیکورٹی اداروں کی بدترین ناکامی ہے ، علماسمیت شہریوں کی جان ومال کی حفاظت حکومت کا پہلا کام ہے جو حکومت اپنے شہریوں کو تحفظ نہیں دے سکتی اسے حکومت کرنے کا بھی کوئی حق نہیں ۔رواں سال کے 8 ماہ کے دوران صرف کراچی میں علما سمیت 90 شہریوں کا قتل اور60 ہزار سے زیادہ راہزنی کی وارداتیں امن و امان کے نام پر سب سے زیادہ بجٹ خرچ کرنے والے حکمرانوں اور اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ علماکو مسلک وفرقہ واریت کی بنیاد پر تقسیم اور ٹارگٹ کرکے شہید کرنے کا کھیل اب بند ہونا چاہیے ۔ انہوں نے علماکرام پر زور دیا کہ وہ اتحاد امت کے ذریعے دہشتگردوں اوراسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہوجائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں