سکھر:گرانفروشوں کیخلاف کارروائی،ہزاروں روپے جرمانہ
سکھر(نمائندہ دنیا)اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی صوبیہ فلک راؤ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے اشیائے خورو نوش کے نرخ چیک کیے اور گرانفروشوں پر ہزاروں روپے جرمانہ عائد کر کے آئندہ مقررہ نرخوں پر اشیا فروخت کرنے کی ہدایت کی ۔
اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سکھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور گرانفروشوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر صوبیہ فلک راؤ نے شہر کے تجارتی مراکز کا دورہ کر کے گروسری،گوشت مارکیٹ،سپر اسٹور سمیت دیگر دکانوں پر نرخ نامے چیک کیے اور مقررہ نرخوں سے زائد رقم وصول کرنے والے گروسری کے دکانداروں پر 2 ہزار ، گوشت فروشوں پر 4 ہزار روپے ، سپر اسٹور ز پر 10 ہزار روپے اور روٹی کے تندور پر 200 روپے جرمانہ عائد کیا جب کہ مجموعی طور پر 16200 روپے کے جرمانہ عائد کیے گئے ۔اسسٹنٹ کمشنر نے تاجروں کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ وہ اشیا کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صوبیہ ملک راؤ کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی عوامی شکایات پر ذخیرہ اندوزوں ، گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ،تاکہ عوام کو مارکیٹ میں مقررہ نرخوں پر اشیائے خور ونوش دستیاب ہوں ۔انہوں نے مزید کہاکہ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران متعدد دکانداروں کو تنبیہ کی گئی اور جرمانے عائد کیے گئے ،انتظامیہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے ، آئندہ بھی اس طرح کی کارروائیاں جاری رکھی جائینگی ،تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مل سکیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ مختیار کار محمد صدیق سومرو، وقار ابڑو، فہیم انصاری و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ حیدر آباد میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایات پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے شہباز ہال حیدرآباد میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد طارق قریشی کی زیر صدارت تاجروں اور متعلقہ محکموں پر مشتمل ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد طارق قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اشیا ئے خورونوش کی قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے ہرماہ یہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اشیا ئے خورونوش کی مقرر ہ قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے ،بصورت دیگر قانون کے مطابق کارر وائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے بیورو آف سپلائی کو ہدایت کی کہ وہ گوداموں کو رجسٹرڈ کر کے ان کی فہرست جمع کروائیں ۔