32 لینڈ گریبرز کے خلاف ایکشن کی تیاریاں مکمل

32 لینڈ  گریبرز  کے  خلاف  ایکشن  کی  تیاریاں  مکمل

کراچی(رپورٹ: محمد علی حفیظ )کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی اربوں روپے مالیت کی زمین پر قبضہ کرنے والے با اثر لینڈ گریبرز کے خلاف کارروائی کیلئے سیکورٹی ادارے کے اعلیٰ حکام نے کے ڈی اے افسران سے رابطہ کرکے۔۔

 اہم ترین معلومات حاصل کرلی ہیں۔ ابتدائی طور پر اسکیم 41کی سرجانی ٹائون کے مختلف سیکٹرز کی زمین ہتھیانے والے 32 لینڈ گریبرز کے خلاف جلد قانون کے مطابق بڑے ایکشن کی تیاری مکمل کرلی گئی ہیں ۔کے ڈی اے ذرائع کے مطابق دس برس کے دوران اہم ترین سیاسی شخصیات کے آشیر آباد سے کے ڈی اے کی اسکیم 41سرجانی ٹائون کے 7 مختلف سیکٹرز میں بڑے پیمانے پر زمینوں پر قبضے کیے گئے ۔ کے ڈی اے حکام کی تیار کردہ ایک رپورٹ کے مطابق صنعتی زون کیلئے مختص سیکٹر آٹھ جہاں انڈسٹریل پلاٹس تھے یہاں پر طاقتور لینڈ گریبرز نے غیر قانونی طور پر گوٹھ قائم کرلیے اور چھوٹے مکانات تعمیر کروادیئے ۔اسی طرح سیکٹرز 13، 10، 4 سی اور بی میں موجود درجنوں رہائشی پلاٹس جو عوام کو الاٹ کردیئے تھے اس کو بھی قبضہ مافیا نے نہیں چھوڑا اور تو اور رفاہی پلاٹس کی اراضی کو بھی ہتھیالیا گیا۔ کے ڈی اے ذرائع کے مطابق سرجانی ٹائون کی اسکیم 41 چھ ہزار 600ایکڑ پر مشتمل ہے جس کی 60 فیصد سے زائد اراضی پر قبضہ کرلیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے کے ڈی اے اسٹیٹ انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ کے اعلی افسران نے سیکورٹی حکام کے طلب کرنے پر 32لینڈ گربیرز کی فہرست تیار کی ہے ۔ کے ڈی اے افسر کے مطابق صرف کے ڈی اے کی اسکیم 41میں ہزاروں ایکڑ زمین پر قبضہ کرکے مافیا نے دس برس کے دوران کھربوں روپے کمائے ہیں جبکہ کراچی کے ہزاروں شہریوں کو ان کی زمین سے محروم کردیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے اہم ترین اداروں کی ہدایت کے بعد زمینوں پر قبضے کرنے میں مصروف ’’سسٹم‘‘ کے خلاف بھرپور ایکشن کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔پہلے مرحلے میں کے ڈی اے سے ان کی زمین پر کہاں کہاں قبضے ہوئے اور کون ان قبضوں میں ملوث ہیں ان کی تفصیلات حاصل کرکے ان کے خلاف کام تیز کردیا ہے ۔ کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ ایک برس میں 60سے زائد آپریشن کیے گئے تاہم ہر بار پولیس کی عدم موجودگی کے باعث آپریشن میں شدید پریشانی کا سامنا رہتا تھا لیکن اب ملک کے اہم ترین سیکورٹی ادارے کی جانب سے لینڈ گریبرز کے خلاف بھرپور ایکشن کے فیصلے کے بعد یقین ہورہا ہے کہ زمین جلد مافیا سے واگزار کرالی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں