کورٹ میرج کرنے والے جوڑے کو تحفظ دینے کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے پولیس کوہدایت کی ہے کہ کورٹ میرج کرنے والے جوڑے کو تحفظ دیاجائے اور غیر قانونی طورپر ہراساں نہ کیاجائے ۔
مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والی مسماۃ فرحانہ بی بی اور اسکے شوہرمہر محمد عرفان نے لیاقت گبول ایڈووکیٹ کے توسط سے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائرکی تھی جس میں حکومت سندھ،آئی جی سندھ،ایڈیشنل آئی جی کراچی،ایس ایچ او پی آئی بی کالونی،ڈسٹرکٹ پولیس مظفرگڑھ اور روہیلاوالی پولیس کوفریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں دونوں میاں بیوی نے استدعاکی ہے کہ پولیس کو غیر قانونی ہراساں کرنے سے روکاجائے ۔درخواست میں موقف اپنایاگیاہے کہ درخواست گزاروں نے کورٹ میرج کی ہے لیکن فرحانہ کی فیملی کے ایما پر سندھ پولیس اور پنجاب پولیس دونوں کوہراساں کررہی ہے ۔ کورٹ میرج کے بعد درخواست گزاروں نے متعلقہ پولیس اور دیگر اداروں کونکاح نامہ اور اجازت نامہ خود مختاری کی کاپیاں بھیجی تھیں۔اس کے باوجود پنجاب پولیس نے ہراساں کیا جس پر دونوں میاں بیوی پنجاب سے کراچی آگئے ۔ کراچی میں ایس ایچ او تھانہ پی آئی بی ودیگر پولیس اہلکاروں نے فرحانہ بی بی کی فیملی کے ایما پر ہراساں کرنا شروع کردیاہے ۔ جسٹس عدنان اقبال چودھری نے ڈی پی او مظفرگڑھ، ایس ایچ او شاہ جمال، ایس ایچ او روہیلانوالی ودیگر کو میاں بیوی کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا ۔