انٹربورڈ مقررہ وقت پر نتائج کا اعلان کرنے میں ناکام

انٹربورڈ مقررہ وقت پر نتائج کا اعلان کرنے  میں ناکام

کراچی (رپورٹ:احسن چانڈیو)انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی کے نتائج تاخیر کا شکار ہونے لگے ۔ محکمہ تعلیم کی گزشتہ سال کی اسٹرینگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق تمام بورڈ کو امتحانات کے دو ماہ کے وقت کے اندر نتائج تیارکر کے اعلان کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جبکہ مئی میں ہونے والے امتحانات کو 3 ماہ سے زائد کا وقت گزر چکا ہے ۔

 اس حوالے سے ’’روزنامہ دنیا‘‘سے بات کرتے ہوئے چیئرمین انٹر بورڈ کراچی پروفیسر نسیم میمن نے بتایا کہ ایک لاکھ سے زائد طالبعلموں کے نتائج تیار کرنے میں وقت لگتا ہے جب کہ انہوں نے امتحانات کے بعد چیئرمین کے عہدے کا چارج سنبھالا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبا و طالبات فکر نہ کریں ،نتائج تیار کرلئے گئے ہیں، دو چار دنوں میں پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کے اعلانات کئے جائیں گے ۔دوسری جانب طالبعلم کہتے ہیں وہ بارہویں جماعت کے سالانہ نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔ طالبعلموں نے اسٹرینگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق گیارہویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر اگست میں ہی مختلف جامعات میں داخلہ لے لیا تھا لیکن اب کافی عرصہ گزر جانے کے بعد جامعہ انتظامیہ بھی ان سے بارہویں جماعت کے نتائج یونیورسٹیز میں جمع کرانے کا مطالبہ کر رہی ہے ۔ دیگر طالبعلموں نے بیرون ممالک میں اعلی تعلیم کے حصول کیلئے اپلائی کرنا ہے ، بورڈ کی تاخیر کے باعث ان کا نقصان ہو رہا ہے ۔ رواں سال 30 مئی سے انٹر میڈیٹ کے امتحانات کا آغاز ہوا تھا جس میں ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد طلبا و طالبات نے شرکت کی تھی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں