مبینہ ٹاؤن تھانے سے غیرقانونی حراست میں رکھا گیا نوجوان بازیاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ کا مبینہ ٹاؤن تھانے پرچھاپہ، غیرقانونی حراست میں رکھا گیا نوجوان بازیاب کرالیاگیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ خوشی محمد نے ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج ایسٹ کے حکم پرتھانے پرچھاپا ماراتھا۔ گلشن اقبال کے رہائشی بلاول نے لیاقت علی گبول ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائرکی تھی اسکے بھائی 24سالہ فرحان کواسکے بہنوئی فاروق جس کے خلاف مغوی فرحان کی بہن بشریٰ کوتشددکانشانہ بنانے کامقدمہ درج ہے کے ایما پر مبینہ ٹاؤن پولیس زبردستی اٹھاکرلے گئی ہے۔ پولیس نے گھرمیں گھس کرفرحان اور دیگرکوتشددکانشانہ بھی بنایا۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے جب تھانے پرچھاپہ ماراتونوجوان لاک اپ میں تھا، روزنامچے میں کوئی انٹری نہیں تھی نہ ہی کوئی مقدمہ درج تھا۔