اندرون سندھ تحفظ اطفال کے عالمی دن پرتقریبات

محراب پور،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) اندرون سندھ بچوں کے تحفظ کاعالمی دن منایاگیا اور عالمی یوم کی مناسبت سے عوام میں آگاہی کیلئے موٹروے پولیس کے تحت ٹول پلازوں پر پمفلٹ تقسیم کیے گئے ۔
میرپورخاص میں مقابلہ تقاریر ،ملی نغمے ،ٹیبلوز ہوا،نوشہروفیروز میں ریلی نکالی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی وے و موٹروے ایم نائن پر بچوں کے تحفظ کا عالمی دن منایا گیا۔اس سلسلے میں لوگوں میں آگاہی کیلئے ٹول کنڈیارو پلازہ پر عوام میں پمفلٹس تقسیم اور بریفنگ سیشن کا انعقاد کیاگیاجب کہ موٹروے پولیس کی جانب سے اسکولوں میں بھی خصوصی پروگرام نشر کیے گئے ۔اس موقع پر موٹروے پولیس کے افسر عبدالرشید سہتو اور دیگر نے کہا کہ بچوں کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران نے فرض شناسی کا بہترین مظاہر ہ کرتے ہوئے رواں سال اب تک سیکڑوں اور گزشتہ پانچ برس میں تقریبا ً 900 سے زائد گمشدہ بچوں کو ان کے والدین کے حوالے کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ نہ صرف ہنگامی بنیاد پر عوام کی مدد کرتی ہے بلکہ قانون شکنی کرنے والے ملزمان کے ساتھ بھی آہنی ہاتھوں سے نبرد آزما ہوتی ہے۔ بچے کی گمشدگی کی صورت میں اہلخانہ فوری طور پر قریبی تھانے میں رپورٹ درج کروائیں۔ گمشدہ بچوں کی تلاش میں مدد کیلئے زارا ہیلپ لائن 1099، روشنی ہیلپ لائن 15-1138یا موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130پر فوری رابطہ کیاجائے ۔ پڈعیدن سے نمائندے کے مطابق نوشہروفیروز میں عالمی یوم اطفال پر ڈپٹی کمشنر آفس نوشہروفیروز سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ٹو)اعجاز علی ہالیٹوپو کی زیر قیادت ریلی کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر ارباب علی اجن اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔واک کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اعجاز علی ہالیپوٹو نے کہا کہ 20 نومبر کو ہر سال پوری دنیا میں بچوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے اور یہ دن منانے کا مقصد بچوں کو ان کے بنیادی حقوق دلوانا ہے۔ میرپور خاص میں بھی تحفظ اطفال کے ادارے محکمہ سماجی بہبود میرپورخاص کی جانب سے پیپلز اسکول میرپورخاص میں مقابلہ نعت ، ملی نغمے ، تقاریر ، ٹیبلوز منعقد ہوئے ۔اس موقع پر مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ بچوں کے تحفظ اور ان کے حقوق پر بھی کام کر رہی ہے۔
تحفظ اطفال