عالمی یوم یکجہتی فلسطین کی مناسبت سے مظاہرہ

عالمی یوم یکجہتی فلسطین کی مناسبت سے مظاہرہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام شارع قائدین طارق روڈ چورنگی پر عالمی یوم یکجہتی فلسطین کی مناسبت سے مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے میں بچوں، خواتین اور نوجوانوں سمیت سیاسی و مذہبی جماعتو ں کے قائدین اور سول سوسائٹی نمائندوں اور یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔

 مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، جماعت اسلامی کے مسلم پرویز، جمعیت علماء پاکستان کے علامہ قاضی احمد نورانی،علامہ عقیل انجم قادری، پاکستان تحریک انصاف کے اسرار عباسی، پاکستان عوامی تحریک کے ثاقب نوشاہی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنماقاضی زاہد،پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما صادق شیخ، عیسائی برادری کے پاسٹرامانوئیل، ہندو برادری کے پنڈت گو سوہامی وجے مہاراج،پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد کاظمی اور دیگرنے کہا کہ غزہ میں امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی ہر سطح پر مذمت جاری رکھیں گے ۔ غزہ میں عارضی جنگ بندی فلسطینی عوام اور حماس کی کامیابیوں کا تسلسل ہے ۔ ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں دوریاستی حل کی بات کرنے والے احمق ہیں۔ فلسطین کی مزاحمت نے دو ریاستی حل کو دفن کر دیا ہے ۔ فلسطین صرف فلسطینیوں کا وطن ہے اور اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز ریاست ہے ۔ شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے کہاکہ 29نومبر سنہ1947کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے فلسطینی عوام کے ساتھ نا انصافی کی گئی اور فلسطین کو تقسیم کیا گیا۔مقررین نے مطالبہ کیاکہ عرب حکومتیں اسرائیل کو تیل اور گیس کی سپلائی بند کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں