شہر میں جتنی بھی غیر قانونی تعمیرات ہیں اس کا ذمہ دار ایس بی سی اے ہے،سندھ ہائیکورٹ

شہر میں جتنی بھی غیر قانونی تعمیرات ہیں اس کا ذمہ دار ایس بی سی اے ہے،سندھ ہائیکورٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے لیاری کھڈا مارکیٹ میں 6 منزلہ غیر قانونی تعمیرات کو مسمار نہ کرنے سے متعلق درخواست پردوران سماعت ریمارکس دیئے ہیں کہ شہر میں جتنی بھی غیر قانونی تعمیرات ہیں اس کا ذمہ دار ایس بی سی اے ہے ۔عدالتی حکم پر ڈی جی ایس بی سی اے اسحاق کھوڑو اور دیگر افسران پیش ہوئے ۔

 عدالت نے ڈی جی ایس بی سی اے اور دیگر افسران کی سخت سرزنش کی۔ ڈی جی ایس بی سی اے اسحاق کھوڑو نے کہا کہ ہم بھی کیا کریں کراچی مشہور اور میگا سٹی ہے ۔ جہاں نظر پڑتی ہے کارروائی کرتے ہیں۔ کے الیکٹرک اور دیگر ادارے بھی غیر قانونی تعمیرات کے ذمہ دار ہیں۔ جسٹس ندیم اختر نے کہا کہ ان کا کام بعد میں آتا ہے غیر قانونی تعمیرات ہونے کیوں دیتے ہو؟ بڑی بڑی عمارتیں بن جاتی ہیں، ایس بی سی اے منہ دیکھتا رہ جاتا ہے ۔ ڈی جی ایس بی سی اے نے کہا کہ کھڈا مارکیٹ کے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات نہ روکنے والوں کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے ۔ 3 افسران کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی شروع کردی گئی ہے ، غیر قانونی تعمیرات کو روکنا ویجیلنس کمیٹی کی ذمہ داری ہے ۔ جسٹس ندیم اختر نے کہا کہ کچھ بھی ہو ذمہ داری براہ راست ادارے کے سربراہ پر عائد ہوتی ہے ۔ ہم حیران ہوتے ہیں ایس بی سی اے کے افسران کو اپنی ذمہ داری اور اختیارات تک کا علم نہیں ہوتا۔ ڈی جی ایس بی سی اے نے کہا کہ 2012 میں بڑے پیمانے پر بھرتیاں کی گئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں