یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر بحث حتمی مرحلے میں داخل

 یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر بحث حتمی مرحلے میں داخل

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز کے زیر صدارت یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کا اجلاس منسٹر سیکریٹیریٹ واقع سندھ سیکریٹیریٹ میں منعقد ہوا۔

 اجلاس میں سیکریٹری خزانہ سندھ کاظم جتوئی، ایڈیشنل سیکریٹری صحت مولا بخش شیخ، ڈی جی ہیلتھ سندھ ڈاکٹر وقار محمودو متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام سندھ کے مختلف نقاط پر مباحثے کے بعد پروگرام کو حتمی مرحلے میں داخل کیا گیا۔ اس موقع پر نگراں وزیر صحت نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ پروگرام سندھ سے بالخصوص سندھ و پاکستان بھر کے لوگ مستفید ہوسکیں گے ، پروگرام کے تحت گریڈنگ کے ذریعے سندھ کے اسپتالوں کی حالت بہتر ہوگی اور مریضوں کو معیاری علاج کی سہولیات میسر آئیں گی۔ انشورنس کمپنی سے ملنے والے فنڈ کو اسپتالوں کی فلاح و بہبود اور طبی عملے کی جائز مراعت پر خرچ کیا جاسکے گا۔ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا کہ پروگرام کو حتمی شکل دے کر وزیر اعلیٰ سندھ و کابینہ کو باقاعدہ تفصیلی بریفنگ فراہم کی جائے گی اور کابینہ کی حتمی منظوری سے یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کو سندھ بھر میں نافذ العمل کردیا جائے گا۔علاوہ ازیں نصرت ٹرسٹ فار اسپیشل چلڈرن کے زیر اہتمام  تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا کہ معاشرے میں مساوات سے توازن پیدا کیا جاسکتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں