حکومت گیس نرخوں میں اضافے سے بازرہے ،حافظ نعیم

حکومت گیس نرخوں میں اضافے سے بازرہے ،حافظ نعیم

کراچی (آن لائن)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے آئی ایم ایف کے حکم پر گیس کی قیمتوں میں گھریلو صارفین کیلئے 173فیصد اور صنعتی اداروں کیلئے 193فیصد اضافے کے بعد پروٹیکٹڈ صارفین کے گیس ٹیرف میں بھی 100فیصد اضافے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نگراں حکومت مزید اضافے سے باز رہے اور پہلے سے اضافہ شدہ نرخ کم کیے جائیں ۔

اپنے بیان میں حافظ نعیم نے کہا کہ کراچی کی صنعتوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ان پر اضافی بوجھ ہر گز نہ ڈالا جائے ۔ حکومت نے کراچی کے صنعتی اداروں پر اضافی اور ناجائز بوجھ ڈالا تو یہ بند ہو جائیں گے تو پھر ملک کیسے چلے گا؟ کراچی پورے ملک کو چلاتا ہے ، ملکی ایکسپورٹ میں سب سے زیادہ حصہ کراچی کا ہوتا ہے ، وڈیروں اور جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے کے بجائے سارا بوجھ عوام ، تاجروں و صنعت کاروں پر ڈالا جا رہا ہے ،جس کی وجہ سے عوام ، تاجر و صنعت کار سخت پریشان ہیں ۔ صنعت کار احتجاج اور ہڑتال پر مجبور ہو گئے لیکن نگراں حکومت کی جانب سے صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے ، آئی ایم ایف کی تمام شرائط اور مطالبات پورے کیے جا رہے ہیں اور ملک و قوم کو آئی ایم ایف اور بیرونی مالیاتی اداروں کے شکنجے میں جکڑدیا گیا ہے ۔ نگراں حکومت بھی سابقہ حکومتوں کا تسلسل ثابت ہو ئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں