اسفالٹ پلانٹ :ہیوی مشینریز کی مرمت ،فعال بنانیکی ہدایت

اسفالٹ پلانٹ :ہیوی مشینریز کی مرمت ،فعال بنانیکی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی نوید انورنے سپر ہائی وے پر قائم کے ڈی اے اسفالٹ پلانٹ کا ہنگامی دورہ کیا۔

 اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نوید انور کا کہنا تھا کہ اسفالٹ پلانٹ میں موجود غیر فعال ہیوی مشینریوں کو مرمت کرکے فوری طور پر قابل استعمال بنایا جائے تاکہ کے ڈی اے افسران وملازمین ان ہیوی مشینریوں کو استعمال میں لاکر ادارہ کو مالی طور پر مستحکم کرسکیں ۔ متعلقہ افسران نے ڈی جی کے ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے اسفالٹ پلانٹ مکمل طور پر بحال ہوجاتا ہے تو ادارہ ترقیات کراچی کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہوگا۔ ماضی میں مذکورہ اسفالٹ پلانٹ کی کراچی کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار رہا ہے ۔ڈی جی کے ڈی اے نے چیف انجینئر طارق رفیع کو احکامات دیے کہ فوری طور پر اسفالٹ پلانٹ کی رپورٹ مرتب کرکے پیش کی جائے اور غیر فعال ہیوی مشینریوں کو درست حالت میں لانے کیلئے مثبت تجاویز پیش کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں شہر کراچی کی ترقی اور شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام تر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات پر یقین اور باہمی تعاون و اتفاق سے ادارہ کو ترقی یافتہ صف میں شامل کرنے کے ساتھ شہریوں کیلئے ممکنہ سہولیات فراہم کرنا ہم سب کا فرض ہے ۔ادارہ میں موجو دایسے عناصر جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں وہ قبلہ درست کرلیں، ادارہ کے ساتھ تعاون اور ادارے کی نیک نامی ہم سب کی ذمہ داری ہے ، اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں