ای او بی آئی :چار ارب 69 کروڑ روپے کا پنشن فنڈ جاری

ای او بی آئی :چار ارب 69 کروڑ روپے کا پنشن فنڈ جاری

کراچی (این این آئی)ایمپلائز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن نے ماہ فروری 2024 کی پنشن کی ادائیگی کے لئے اپنے مقررہ بینک کو چار ارب 69 کروڑ روپے کا پنشن فنڈ جاری کردیا ہے ۔

جس کے ذریعہ ملک بھر میں 421694 بوڑھے ، معذور، بیوگان اور یتامی پنشنرز مستفید ہوں گے ۔ اس سلسلہ میں بینک الفلاح نے یکم مارچ سے ملک بھر میں اے ٹی ایم پنشن کارڈ کے ذریعہ پنشن کی ادائیگی شروع کردی ہے ۔ ای او بی آئی کے سابق افسر تعلقات عامہ اور ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ پاکستان اسرار ایوبی نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ای او بی آئی چار لاکھ سے زائد پنشنرز کو کم از کم دس ہزار روپے ماہانہ تاحیات پنشن ادا کر رہا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ فارمولا پنشن 22 ہزار روپے ماہانہ تک ادا کی جاتی ہے ۔ اسرار ایوبی نے مزید بتایا کہ ایک جانب وفاقی حکومت نے 1995 سے بلاجواز طور پر ای او بی آئی کی مساوی امداد بند کر رکھی ہے تو دوسری جانب ملک کے آجران کی اکثریت بھی قانون شکنی اور اپنی من مانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ای او بی آئی میں اپنے ملازمین کی رجسٹریشن کرانے اور ان کی پنشن یقینی بنانے کے لئے واجب الادا ماہانہ کنٹری بیوشن کی ادائیگی نہیں کر رہی ہے ۔ اس تشویش ناک صورت حال کے نتیجہ میں ای او بی آئی پنشن فنڈ کی بقا و سلامتی کے سنگین خدشات پیدا ہو گئے ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں