حکومت سندھ ثقافتی ورثے کی حفاظت کیلئے کوشاں،ذوالفقار شاہ

 حکومت سندھ ثقافتی ورثے کی حفاظت کیلئے کوشاں،ذوالفقار شاہ

میرپورخاص(بیورورپورٹ)صوبائی وزیر ثقافت،سیاحت و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے ثقافتی ورثے صوبے کی پہچان ہیں اور حکومت سندھ ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے اور ان کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل ہال بینظیربھٹو شہید گلستان بلدیہ پارک، گورنمنٹ شہید بینظیر بھٹو گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول، اجرک کلب میں لائبریری اور دیگر شعبہ جات کا دورہ اور پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ میری اولین ترجیح ہے کہ سندھ میں موجود ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے اور سیاحت کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے قدیم ثقافت و سیاحت کو روشناس کروا سکوں ۔ سید ذوالفقار علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ میں ثقافت و سیاحت کے شعبے میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ،جس کے لئے حکومت سندھ اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ میرپورخاص کا شمار سندھ کے تاریخی شہروں میں ہوتا ہے اور یہاں پر بھی بہت سارے ثقافتی ورثے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ثقافت کی جانب سے اجرک کلب اور لائبریری سے یہاں کے مقامی نوجوان علم کے نور سے منور ہو رہے ہیں جو کہ یہاں کے باسیوں کے لئے اعزاز کی بات ہے ۔قبل ازیں صوبائی وزیر پریس کلب پہنچے ،جہاں انہوں نے پریس کلب کے صدر نذیر احمد پنہور اور دیگر صحافیوں سے ملاقات کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں