اورنج وگرین لائن کوجوڑنے کیلئے شٹل سروس کا منصوبہ

اورنج وگرین لائن کوجوڑنے کیلئے شٹل سروس کا منصوبہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کی زیرصدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیر نے اہل کراچی کے لیے اچھی خبر کا اعلان کیا۔

اجلاس میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اورنج لائن اور گرین لائن کو آپس میں جوڑنے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے ۔ اورنج لائن اور گرین لائن کو جوڑنے کے لیے شٹل سروس شروع کی جائے گی۔شرجیل میمن نے کہا کہ ابتدائی طور پر عید کے فوری بعد شٹل سروس نمائش تا ٹاور دی جائے گی۔ انو بھائی پارک تا جناح ویمن کالج شٹل سروس مفت فراہم کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پی ایس ڈی پی پروجیکٹ کے تحت 18 ارب روپے مالیت کی 300 بسوں کا وعدہ کیا تھا۔ پی ایس ڈی پی پروجیکٹ کے تحت بسوں کی فراہمی کے لیے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی۔ ریڈ لائن بی آر ٹی پر نگراں حکومت نے توجہ نہیں دی، جس کی وجہ سے کام تاخیر کا شکار ہوا۔سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں سے ریڈ لائن بی آر ٹی کا کام ایک مرتبہ پھر تیزی سے شروع کرنے جا رہے ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ پروجیکٹ کے تحت عوام کی سہولت کے لیے 500 بسیں خریدی جائیں گی۔ یلو لائن بس سروس کے لیے کام تیزی سے جاری ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں