عیدالفطر پر تفریحی مقامات فعال ، بہترین اقدامات پر شہری خوش

عیدالفطر پر تفریحی مقامات فعال ، بہترین اقدامات پر شہری خوش

کراچی(اے پی پی)عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد کراچی چڑیا گھر، سفاری پارک اور لانڈھی کورنگی چڑیا گھر پہنچی اور بلدیہ عظمی کراچی کی جانب سے فراہم کی گئیں جدید تفریحی سہولیات سے محظوظ ہوئی ۔

شہریوں نے میئر کراچی کی جانب سے تفریحی مقامات کو فعال اور بہتر بنانے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عید جیسے پرمسرت تہوار پر شہر کے بڑے تفریحی مراکز پر بہتر سہولیات کو یقینی بنانا اور اس کے لئے پیشگی انتظامات کرنا قابل تحسین عمل ہے جسے آئندہ بھی جاری رہنا چاہیے کیونکہ یہ کراچی کی روایت رہی ہے کہ عید اور دیگر تہواروں کے موقع پر شہری تفریحی مقامات کا رخ کرتے ہیں اور یہاں گزارے ہوئے خوشگوار لمحات ان کے لئے قیمتی یادیں بن جاتے ہیں۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی خصوصی ہدایت پر کراچی چڑیاگھر عید کی چھٹیوں میں عوام کے لئے کھلا رہا اور یہاں تمام انتظامات مکمل رہے جبکہ عید کے روز شہریوں کے لئے پلے لینڈ اور دیگر تفریحی سہولیات کے افتتاح کے باعث لاکھوں شہری عید کے تینوں دن چڑیا گھر اپنی فیملی کے ہمراہ آئے جس سے چڑیا گھر کی رونقیں دوبالا ہوگئیں۔ سفاری پارک میں شوٹنگ رینج کے لئے تربیت یافتہ عملے کے ساتھ مختص الگ جگہ پر شہری اپنی پسندیدہ بندوق کے ساتھ نشانے بازی کی مشق کرتے دکھائی دیئے ، مردوں کے ساتھ خواتین نے بھی شوٹنگ رینج اور گھڑ سواری کی سہولیات کا لطف اٹھایا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں