ہیوی ٹریفک لیاری ایکسپریس وے پر منتقل کرنے کا منصوبہ

ہیوی  ٹریفک  لیاری  ایکسپریس  وے  پر  منتقل  کرنے  کا  منصوبہ

کراچی (رپورٹ:سید علی مہدی ) کراچی میں ٹریفک کے گھمبیر مسئلہ سے نمٹنے کیلئے ہیوی ٹریفک لیاری ایکسپریس وے پر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کرلی گئی ۔

 میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے لیاری ایکسپریس وے وفاقی حکومت سے بلدیہ عظمی کراچی کے حوالے کرنے اور ہیوی ٹریفک کی لیاری ایکسپریس وے پر منتقلی کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی حکومت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق مئیر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی جانب سے وزیر اعظم سے باضابطہ درخواست کی جائے گی ۔ مئیر کراچی کی جانب سے وزیراعظم اور وفاقی حکومت کومراسلہ میں شہر میں ہیوی ٹریفک کی وجہ سے بڑھتے ٹریفک مسائل سے آگاہ کیا جائے گا اور شہر میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے کی جانے والی منصوبہ بندی کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی و بہتری کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا جائے گا ۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی حکومت سے ملک کے معاشی ع تجارتی حب میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی درخواست کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق لیاری ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک منتقل ہونے سے شہر میں ٹریفک مسائل میں نمایاں کمی آئے گی ۔ جبکہ پورٹ کے ذریعے شہر سے اندورن اور بیرون ملک درآمدی و برآمدی سامان کی نقل حمل کم وقت میں بروقت ممکن ہوسکے گی ۔ لیاری ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک کی منتقلی کے نتیجے میں ایندھن کی بچت سے بھی درآمدی برآمدی سامان کی سفری لاگت میں بھی کمی کا امکان ہے ۔ جبکہ ہیوی ٹریفک کی لیاری ایکسپریس وے کے زریعے تیز تر مسافت طے ہونے کے باعث ٹرانسپورٹرز اور صنعتکاروں کو بھی بڑا ریلیف مل سکے گا ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے لیاری ایکسپریس وے کو بلدیہ عظمی کراچی کے سپرد کرنے اور ہیوی ٹریفک کی لیاری ایکسپریس وے پر منتقلی سے شہر میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگی ۔ جس کے نتیجے میں شہر میں ٹریفک حادثات ، اسٹریٹ کرائم میں بھی کمی آئے گی اور ملکی معیشت کو بھی فروغ ملے گا ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں