عالمی مشاعرے کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے گا،کمشنر

عالمی مشاعرے کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے گا،کمشنر

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ایک اجلاس میں کراچی میں 20 اپریل کو منعقد ہونے والے 29 ویں عالمی مشاعرہ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

مشاعرے کی آرگنائز نگ کمیٹی کے چیئرمین منتظم اعلی محمود احمد خان نے اجلاس کو بریفنگ دی اور مشاعرے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شہزاد فضل عباسی میونسپل کمشنر بلدیہ عظمی افضل زیدی، متعلقہ سینئر پولیس اور ٹریفک پولیس افسران،، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اورواٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے سینئر افسران اور کے الیکٹرک کے نمائندے اور ساکنان شہر قائد کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔اجلاس میں مشاعرے کے انعقاد کے موقع پر سیکورٹی، صفائی ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر ضروری سہولتوں کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ کراچی میں عالمی مشاعرے کا انعقاد شہر میں ادبی اور مثبت سرگرمیوں کے حوالہ سے اہم تقریب ہے ،اس سے دنیا بھر میں کراچی کا مثبت چہرہ اجاگر ہو گا۔ مشاعرے کی کامیابی کے لئے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ سیکورٹی اور شہری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ منتظم اعلی محمود احمد خان نے اجلاس کو بتایا کہ عالمی مشاعرہ پاکستان کا سب سے بڑا مشاعرہ ہوتا ہے ،بیرون ملک سے شاعرو ں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔مشاعرے میں 10ہزار سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں