ملیر کے تمام ٹاؤنز میں ترقیاتی کام کرائیں گے ،سلمان مراد

ملیر کے تمام ٹاؤنز میں ترقیاتی کام کرائیں گے ،سلمان مراد

کراچی (اسٹاف رپورٹر )ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ کراچی کے ترقی کے لیے بھرپور کام کر رہے ہیں ۔کراچی کے تمام علاقوں میگا منصوبوں کے علاوہ دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام کیا جا رہا ہے ۔

کے ایم سی کی جانب سے ملیر کے تمام ٹاؤنز میں ترقیاتی کام کروائے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سابق ممبر ضلع کونسل کراچی آغا طارق پٹھان کی سربراہی میں آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفد میں یو سی گلشن حدید 22 کے صدر خدا بخش پٹھان ،صفدر چانڈیو ،زبیر بلوچ اور دیگر شامل تھے ۔ڈپٹی میئر نے مزید کہا کہ کراچی کی عوام نے پیپلز پارٹی کو مینڈیٹ دیا ہے اور ہم عوام کے مینڈیٹ کا احترام کریں گے ۔کراچی کی ترقی کے لیے مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں کے ایم سی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور جلد نئے ترقیاتی نظام منصوبے بھی کراچی کے مختلف اضلاع میں شروع کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ کے ایم سی ملیر میں ترقیاتی کام کروانے جا رہی ہے ۔اس سے قبل کسی بھی ناظم اور میئر میں ملیر میں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں کروایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے رین ایمرجنسی کے ایم سی کی جانب سے ڈیکلیئر کر دی گئی ہے اور تمام عملے کی 24 گھنٹے ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں جبکہ بڑے نالوں کی صفائی کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے احکامات پر کے ایم سی بغیر رنگ نسل کراچی کی ترقی کے لیے کام کرتی رہے گی ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں