بلدیہ عظمیٰ :مختلف محکموں کے سربراہان اور عملے کی غیر حاضری پر نوٹسز

بلدیہ   عظمیٰ  :مختلف  محکموں  کے  سربراہان  اور  عملے  کی  غیر  حاضری  پر  نوٹسز

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ہیڈ آفس میں دفتری اوقات کار کی خلاف ورزی پر افسران کے خلاف کارروائی ، میونسپل کمشنر کراچی میٹرپولیٹن کارپوریشن افضل زیدی نے دفتری اوقات میں مختلف محکموں کے سربران اور عملے کی غیر حاضر رہنے پر نوٹسز جاری کردئیے اور آئندہ کوتاہی برتنے پر سخت کارروائی کا عندیہ دے دیا ۔

تفصیلات کے مطابق میونسپل کمشنر کے ایم سی افضل زیدی نے کے ایم سی ہیڈ آفس میں دفتری اوقات کار کی خلاف ورزی اور افسران کی عدم موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے کاروائی شروع کردی ۔ میونسپل کمشنر کے ایم سی نے جمعہ کے روز 16 محکموں کے سربراہان کو دفتری اوقات کار میں غیر حاضر رہنے پر اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کردئیے ۔ اور افسران کے طرز عمل کے باعث کے ایم سی کی ساکھ کو نقصان پہنچنے اور انتظامی امور متاثر ہونے کے پیش نظر سخت کارروائی کا عندیہ دے دیا ۔ میونسپل کمشنر میٹرپولیٹین کارپوریشن کی جانب سے دفتری اوقات کی خلاف ورزی اور ڈیوٹی پر غیر حاضر رہنے والے محکمہ میونسپل سروسز، میڈیا مینجمنٹ، آئی ٹی ،محکمہ ٹرمینلز اور پرنٹنگ پریس سمیت 16 محکموں کے سربراہان کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں ۔ جس میں متعلقہ افسران سے انکی غیر حاضری سمیت انکے خلاف محکمہ جاتی کارروائی نہ کیے جانے کی وجوہات بھی طلب کی گئی ہیں ۔ اور جواب طلب کیا گیا ہے کہ مذکورہ تمام محکموں کے افسران کو کیوں تبدیل نہ کیا جائے ۔ واضح رہے کہ بلدیہ عظمی کراچی کے ہیڈ آفس سمیت دیگر بلدیاتی محکموں اور دفاتر میں افسران و عملہ کا دفتری اوقات میں غیر حاضر رہنا اور تاخیر سے دفتر پہنچا معمول بنا ہوا ہے ۔ جس کے باعث شہری کو اپنے مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں