ملزم کی لاک اپ میں ہلاکت،گرفتار پولیس افسران کا ریمانڈ

ملزم کی لاک اپ میں ہلاکت،گرفتار پولیس افسران کا ریمانڈ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ نے پولیس لاک اپ میں زیر حراست ملزم کی ہلاکت کے مقدمے میں ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ۔

کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ کی عدالت میں پولیس لاک اپ میں زیر حراست ملزم کی ہلاکت کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ گرفتار ملزم ایس ایچ او درخشاں تھانہ علی رضا لغاری اور ہیڈ محرر فیصل لغاری کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ مقتول معیز کو حراست میں لینے والے سب انسپکٹر ثنا اللہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ایس پی کلفٹن نیر کو گرفتار کرنا ہے ۔ تھانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج عدالت میں جمع کرائی گئی۔ تھانے کے اندر کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود نہیں۔ ملزمان گرفتار شدہ پولیس افسر سے بخوبی واقف ہیں، اس لئے بیانات بار بار تبدیل کررہے ہیں۔ پولیس نے ثنااللہ کو بھی عدالت کے روبرو پیش کر دیا۔ عدالت نے تینوں ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ بھی طلب کرلی۔ استغاثہ کے مطابق مقتول اور اس کے بیٹے جنید کو گرفتار کیا گیا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں