لاڑکانہ:پولیو کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، کمشنر

لاڑکانہ:پولیو کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، کمشنر

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) کمشنر لاڑکانہ ڈویژن غلام مصطفی پھل نے کہا ہے کہ پولیو موذی مرض ہے ، جس کے خاتمے کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا چاہیے ،جو بھی مسائل ہیں اور جہاں ٹیمیں نہیں پہنچ سکتیں اس پر توجہ دینی چاہیے ۔

کمشنر آفس میں پولیو کے حوالے سے ڈویژنل ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مہم کے دوران کام نہ کرنے والے عملے کی رپورٹ دی جائے ، تاکہ اعلیٰ حکام کو بھجوائی جا سکے ۔ ڈی ایچ اوز اپنے علاقوں کے بارے میں درست رپورٹ دیں تاکہ کوئی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مائیکرو پلان کے حوالے سے ڈبلیو ایچ او کو پابند کیا ہے کہ وہ اگلی مہم میں بھرپور طریقے سے کام کریں گے اور مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور محنت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر جو بھی مسائل ہیں ان کی مکمل معلومات دی جائیں، امید ہے افسران آئندہ مہم میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔اس موقع پر جیکب آباد، شکارپور اور کشمور کندھ کوٹ کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ایچ اوز نے ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قمبر شہدادکوٹ، ایڈیشنل کمشنر (ٹو)لاڑکانہ، ڈائریکٹر ہیلتھ و دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ پولیو سے بچاؤ کی آئندہ مہم 29 اپریل سے 6 مئی تک جاری رہے گی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں