ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی : اربوں کی اراضی و اگزار کرانے کیلئے گرینڈ آپریشن کا آج سے آغاز

ملیر  ڈیولپمنٹ  اتھارٹی  :  اربوں  کی  اراضی  و  اگزار  کرانے  کیلئے  گرینڈ  آپریشن  کا  آج  سے  آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ کے نوٹس لینے کے بعد ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی اربوں روپے مالیت کی زمینوں سے قبضے ختم کروانے کیلئے آج جمعرات کو رینجرز اور پولیس کی مدد کے ساتھ ضلعی انتظامیہ گرینڈ آپریشن کرے گی 100 سے زائد پولیس اہلکار آپریشن میں حصہ لینگے ۔

ڈپٹی کمشنر ملیر اور ڈی جی ایم ڈی اے آپریشن کی نگرانی کرینگے تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی وے کے اطراف ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سیکٹر 18میں لینڈ گریبرز نے بڑے پیمانے پر قبضے کرکے غیر قانونی پلاٹنگ شروع کررکھی ہے ۔ قبضہ مافیا کی سرکاری اراضی ہتھیانے کی سرگرمیوں کا حکومت سندھ نے نوٹس لے لیا جس کے بعد متعلقہ سرکاری حکام کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ فوری ایم ڈی اے کی زمینوں کو واگزار کروائیں حکومتی احکامات کے تحت ڈپٹی کمشنر ملیر نے پولیس رینجرز اور اینٹی انکروچمنٹ سیل سمیت تمام سرکاری اداروں کو خطوط ارسال کردیئے ہیں آج (جمعرات کو)25اپریل کو ایم ڈی اے کے سیکٹر 18 سے قبضوں کے خاتمے کیلئے گرینڈ آپریشن ہوگا ۔ڈپٹی کمشنر ملیر اور ڈی جی ایم ڈی اے کی زیر نگرانی ہونے والے اس آپریشن میں 100سے زائد پولیس اہلکار ، انسداد تجاوزات کا عملہ بھاری مشینری کے ساتھ حصہ لے گا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طاقتور قبضہ مافیا نے سیکٹر 18 ایم ڈی اے لینڈ پر اس وقت قبضہ جمایا تھا جب یہاں پر سیلاب متاثرین کیلئے ٹینٹ سٹی قائم تھی مافیا کے کارندوں نے سیلاب متاثرین کی آڑ میں قیمتی زمین پر قبضہ کرلیا تھا۔ اس حوالے سے ڈی جی ایم ڈی اے نے پہلے ڈی آئی جی ایسٹ کو مافیا کے خلاف خط ارسال کیا اس کے بعد جب معاملہ میڈیا پر آیا تو حکومت سندھ کے اعلیٰ حکام نے اس تمام صورتحال کا نوٹس لیکر فوری گرینڈ آپریشن کی ہدایت جاری کی زرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی پوری کوشش ہے کہ سیکٹر اٹھارہ کو لینڈ مافیا سے خالی کروایا جائے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں