سندھ حکومت کچے کے ڈاکوؤں کا خاتمہ نہیں کرسکی،ریاض چانڈیو

سندھ حکومت کچے کے ڈاکوؤں کا خاتمہ نہیں کرسکی،ریاض چانڈیو

میرپورخاص(بیورورپورٹ)جئے سندھ محاذ کے چیئرمین ریاض چانڈیو نے کہا ہے کہ اگر ملک میں قانون کی حکمرانی ہوتی تو آصف علی زرداری،بلاول بھٹو اور شہباز شریف جیل میں ہوتے ،2024 کے جعلی الیکشن کروا کے پیپلزپارٹی کو سندھ اور بلوچستان حکومتیں دی گئی۔۔

سندھ کو کھنڈرات میں تبدیل کر کے ڈاکو راج مسلط کردیا گیا،سندھ کی معدنیات، تیل، گیس اور کوئلہ دوسرے صوبوں کو دیا جا رہا ہے ، سندھ میں گیس کی شدید قلت ہے ۔ سندھ حکومت اب تک کچے کے ڈاکوؤں کا خاتمہ نہیں کر سکی،کچے کے ڈاکو دن دہاڑے لوگوں کو اغوا کر کے تاوان وصول کر رہے ہیں ،جس میں صوبائی وزراء ملوث ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ چوروں ، ڈاکوؤں کے حوالے کر دی گئی ہے ۔ سندھ کے اسپتالوں میں غریبوں کا علاج نہیں ہو رہا ، عدالتوں میں لوگ انصاف کے لئے دھکے کھا رہے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں تعینات رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کس کیلئے تعینات کئے گئے ہیں ، عام لوگ غیر محفوظ ہو چکے ہیں ،ضلع میرپورخاص منشیات کا گڑھ بن چکا ہے جس کے خلاف جئے سندھ محاذ کی جانب سے 18 مئی کو پورے سندھ کے پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں