دودھ،دہی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ میں دودھ فروش بے لگا م ، دودھ اور دہی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا ،دودھ 220جبکہ دہی 250روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہونے لگا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جو ریٹ لسٹ جاری کی گئی ہے اس کے مطابق دودھ کی قیمت 170روپے فی لٹر ہے جبکہ دہی کی 180روپے فی کلو گرام ہے لیکن گوجرانوالہ میں کسی بھی جگہ اس ریٹ پر دودھ اور دہی فروخت نہیں ہو رہا۔وحدت کالونی ،پیپلز کالونی ،سیٹلائٹ ٹائون ،باغبانپورہ ،ماڈل ٹاؤن ،فتو منڈٖ ،گرجاکھ کے علاقوں میں دکاندار کھلے عام مہنگا دودھ فروخت کر رہے ہیں۔شہری مجبورا ً منافع خوروں کے سامنے بے بس دکھائی دے رہے ہیں۔دودھ فروش بلا کسی خوف کھلے عام من مانے ریٹ پر دودھ اور دہی فروخت کر رہے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دودھ فروشوں کے سامنے بے بس دکھائی دے رہے ہیں ۔مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں ہو رہی، شہریوں کا کہنا ہے کہ دودھ مہنگا ہونے کے ساتھ ساتھ مضر صحت بھی ہے ۔دودھ فروش شہریوں کا خون نچوڑے میں مصروف ہیں، شہریوں کو گوالہ گردی سے بچانے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ لمبی تان کر سوئے ہوئے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ منافع خوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے ،صرف جرمانے ہی نہیں انہیں دو دوماہ کیلئے جیل میں بند کیا جائے ۔