اقتصادی اعشاریئے واضح کر رہے ہیں 2025ء معاشی ترقی کا سال ہوگا: وزیر اعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقتصادی اعشاریئے واضح کر رہے ہیں 2025ء پاکستان کی معاشی ترقی کا سال ثابت ہوگا، معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، ملک میں سیاسی استحکام ہوگا تومعاشی استحکام بھی ہوگا۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مہنگائی 4.1 فیصد پر آگئی ہے، تمام ارکان نے 2024 کے دوران ملک میں معاشی استحکام کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ 5 ماہ کے دوران ترسیلات زر میں 34 فیصد اضافہ ہوا، زرمبادلہ کے ذخائر 4 ارب ڈالر سے بڑھ کر 12 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر گئے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، یہ ترقی اور خوشحالی کا سفر تب ہوگا جب ملک میں سیاسی استحکام ہوگا، معاشی استحکام سیاسی استحکام کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، چاول کی برآمد سے ملک کو 4 ارب ڈالر کا خطیر زرمبادلہ حاصل ہوا، این ایل سی کے ذریعے روس تک سامان کی ترسیل ہو رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب، یو اے ای اور قطر کے ساتھ کئی شعبوں میں معاہدے پروان چڑھ رہے ہیں، حکومت نے اے ڈی آرز کے ذریعے بینکوں سے 72 ارب روپے وصول کیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے دہشت گردی پھر سر اٹھا رہی ہے، دہشت گردی کا سر کچلنے کے لیے سب کو اکٹھا ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جب امن ہوگا تو ترقی ہوگی، ملکی ترقی کے لیے امن کا قیام ناگزیر ہے، دہشت گردی کا سرکچلے بغیر ہم آگےنہیں بڑھ سکتے۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ 9 ماہ میں اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، امن وامان کا معاملہ ایک چیلنج بن چکا ہے، پارا چنار میں گزشتہ روز معاہدے پر دستخط ہوئے، افغان عبوری حکومت نے کئی افراد کو چھوڑ دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چینی، تیل کی سمگلنگ میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے، یہ کامیابیاں ٹیم مینجمنٹ کے مرہون منت ہیں، 2024ء میں خلوص سے میکرواکنامک انڈیکیٹرز کو بہتر کیا، اقتصادی اعشاریئے واضح کر رہے ہیں کہ 2025 معاشی ترقی کا سال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ چینی کی سمگلنگ روکنے اور برآمد سے 50 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا، ضروری ہے کہ ہم یکسو ہو کر پاکستان کو معاشی ٹائیگر بنائیں، وسطی ایشیائی ریاستیں پاکستان کے ساتھ تجارتی اور معاشی روابط بڑھانا چاہتی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ تیز معاشی ترقی کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی ضروری ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے دن رات کوشاں ہیں، ٹیکس نظام کی خامیوں اور بدعنوانی کا خاتمہ کر کے محصولات بڑھائے جا سکتے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پارا چنار امن معاہدہ خوش آئند ہے، پارا چنار امن معاہدے کو کامیاب بنانے والے مبارکباد کے مستحق ہیں، پارا چنار جیسا دلخراش واقعہ دوبارہ نہیں ہونا چاہیے۔