جمعۃ الوداع پر شہر شہر یوم القدس ریلیاں، فلسطین کے حق اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور، پارا چنار، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں جمعۃ الوداع کے موقع پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم القدس ریلیاں نکالی گئی، ریلیوں میں لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

عالمی یوم القدس کی مناسبت سے جوہر ٹاون لاہور سے القدس ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت علامہ محمد سبطین اکبر نے کی، ریلی کے شرکا نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیل کیخلاف نعرے درج تھے۔

ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد سبطین اکبر نے کہا کہ اسرائیل اپنی جارحیت سے باز نہیں آ رہا، اسرائیل نے تمام انسانی اقدار پامال کر دی ہے، اس نے جتنے وعدے اور معاہدے کئے سب سے مکر گیا، اقوام متحدہ جیسے ادارے کو اس نے کوئی اہمیت نہیں دی، انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک پاگل کتا بن چکا ہے، اگر امت متحد نہ ہوئی تو یہ پاگل کتا مسلمانوں کو کاٹ کھائے گا۔

پارا چنار میں بھی جمعۃ الوداع کے موقع پر یوم القدس ریلی نکالی گئی، ریلی میں شریک ہزاروں افراد نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے، مظاہرین نے پشاور سے پاراچنار کانوائی پر فائرنگ کے شہداء کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔

ریلی کے شرکاء نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی، انہوں نے کہا کہ پاراچنار اور فلسطینی عوام پر روزے میں بھی مظالم جاری ہیں، فلسطینی عوام پر جاری مظالم پر امت مسلمہ کی خاموشی ناقابل فہم ہے۔

مجلس وحدت مسلمین، مجلس علمائے مکتب اہلبیت اور عوامی حلقوں کی جانب سے کوئٹہ میں بھی یوم القدس کی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت علمائے دین نے کی جبکہ بزرگوں اور بچوں سمیت عوام کی کثیر تعداد نے احتجاجی ریلی میں شرکت کرتے ہوئے فلسطین کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی، احتجاجی ریلی کے شرکاء نے فلسطین کا پرچم اٹھائے ہوئے مظلوم قوم سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں