سول وعسکری قیادت کا اجلاس،ملک دشمن مہم کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ:کھربوں ڈالر کے خزانے،دہشتگرد رکاوٹ بننا چاہتے ہیں:شہباز شریف

سول وعسکری قیادت کا اجلاس،ملک دشمن مہم کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ:کھربوں ڈالر کے خزانے،دہشتگرد رکاوٹ بننا چاہتے ہیں:شہباز شریف

اسلام آباد(نمائندہ دنیا،نامہ نگار،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت سول اور عسکری قیادت کے اہم اجلاس میں جعفر ایکسپریس ٹرین کے حملہ آوروں کو بے نقاب کرنے اور ملک دشمن مہم کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

شہباز شریف نے کہا اللہ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے ، کھربوں ڈالر کے خزانے پہاڑوں میں پوشیدہ ہیں،دہشتگرد رکاوٹ بننا چاہتے ہیں ۔وزیراعظم کی زیرصدارت سول اور عسکری قیادت کے اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے ۔ جعفر ایکسپریس کے حملہ آوروں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا ۔ روایتی اور ڈیجیٹل میڈیا پر ملک دشمن مہم کا منہ توڑ جواب دیا جائے جبکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت قومی بیانیے کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔اجلاس میں دہشت گردی کیخلاف واضح اور دوٹوک موقف اپنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندے بھی شریک تھے ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں طے پایا کہ جعفر ایکسپریس کے حملہ آوروں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ۔ روایتی اور ڈیجیٹل میڈیا پر ملک دشمن مہم کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔ دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیہ مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔سول اور فوجی قیادت نے ہدایت کی کہ قومی بیانیہ کمیٹی دہشت گردی کے سدباب کیلئے مو ثر بیانیہ بنائے ۔ ملک کی سلامتی کے خلاف کسی بھی قسم کے مواد کا مو ثر طریقے سے توڑ کیا جائے ۔ قومی بیانیے کے تحت مواد ڈیجیٹل میڈیا پر بھی نشر کیا جائے ۔ دہشت گردی کے منفی معاشرتی اثرات کو عوام کے سامنے اجاگر کیا جائے ۔

ملکی سلامتی اور ہم آہنگی کیلئے صوبوں کے مابین تعاون اور آپسی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کا سدباب کیا جائے ۔ ڈیپ فیک اور دیگر ٹیکنالوجی سے بنائی گئی جھوٹی معلومات کا بھرپور جواب دیا جائے گا ۔ قومی نصاب میں دہشت گردی کے حوالے سے آگاہی شامل کی جائے گی ۔ قومی بیانیہ نوجوانوں تک پہنچانے کیلئے فلم اور ڈرامے بنائے جائیں گے ۔ ایسے قومی موضوعات اپنائے جائیں گے جس سے شرپسندوں کے بیانیے کا موثر مقابلہ کیا جا سکے ۔اجلاس میں قومی بیانیہ اور ملک کی سلامتی کیخلاف کسی بھی قسم کے مواد کا سدباب کیا جائے گا، ملکی سلامتی اور ہم آہنگی کیلئے تمام صوبوں کا تعاون اور روابط بڑھانے پراتفاق کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کا سدباب کیا جائے گا، ڈیپ فیک اور دیگرذرائع سے بنی جھوٹی معلومات،مواد کا بھرپورجواب دیا جائے گا۔دریں اثنا رمضان المبارک کی ستائیسویں شب کی مناسبت اور اس بابرکت رات میں پاکستان کے قیام کے حوالے سے ‘‘رب ذوالجلال کا احسان۔پاکستان ڈے ’’کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا اتحاد و اتفاق سے پاکستان کے معاشی و معاشرتی چیلنجز اور دہشت گردی پر قابو پائیں گے ، ہماری کامیابی کا راز اتحاد، اتفاق، انتھک محنت اور جذبہ حب الوطنی میں مضمر ہے ، قومی ترقی میں کردار ادا کرنا ہر شعبہ زندگی کے فرد کی ذمہ داری ہے ، علما کرام دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار ادا کریں، ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دینا پاکستان کیلئے دی جانے والی عظیم قربانیوں سے بے وفائی ہے ۔

تقریب میں وفاقی وزراء، اراکین پارلیمنٹ، اسلامی ممالک کے سفیروں ، علما کرام پاکستان بھر سے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور نوجوانوں نے شرکت کی۔شہباز شریف نے کہا پاکستان کا قیام کسی معجزے سے کم نہیں، پاکستان کیلئے بڑی قربانیاں دی گئیں، آج یہاں ترقی و خوشحالی کی بجائے اندرونی تفریق ہے ، ملکی استحکام، عزت اور وقار دائو پر لگایا جا رہا ہے جس پر آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ پاکستان دنیا کی واحد اسلامی نظریاتی قوت ہے جسے اﷲ تعالیٰ نے جوہری قوت سے نوازا ہے ، ایٹمی پھیلائو کے خلاف پوری دنیا کی جوہری طاقتیں متحد ہیں اور اس سے تجاوز کرنے والے کو سزا دینے کیلئے تیار ہیں، کوئی بھی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، یہ اﷲ تعالیٰ کا پاکستان پر بڑا کرم ہے ، ملک میں باصلاحیت افراد کی کمی نہیں ہے ، اﷲ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے ، کھربوں ڈالر کے خزانے پہاڑوں میں پوشیدہ ہیں۔

پاکستان میں دہشت گردی کے تانے بانے دور تک جاتے ہیں، ان دہشت گردوں کو جہاں سے سیاسی اور مالی مدد ملتی ہے اس کا ایک مقصد یہ ہے کہ پاکستان کو جو بے پناہ قدرتی وسائل دستیاب ہیں ان سے پاکستان فائدہ نہ اٹھا سکے ، ایسی سوچ رکھنے والے عقل کے اندھے ہیں، ان وسائل کے بل بوتے پر ہم اپنی قوم کو خوشحال اور اپنے ذمہ قرضے ختم کر سکتے ہیں اور اپنا سر فخر سے بلند کرکے اقوام عالم میں شامل ہو سکتے ہیں، اس میں رکاوٹ ڈالنے والے پاکستان کے دشمن اور ایجنٹ ہیں، آج کا دن یہ تقاضا کرتا ہے کہ اﷲ کے حضور سربسجود ہو کر اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور صدق دل سے سبق حاصل کرکے آگے بڑھیں، قوم کے اتحاد اور خوشحالی کیلئے ذاتی اختلافات کو دفن کریں، ذاتی خواہشات کو قربان کریں، اسی طرح ہم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں، معاشی آزادی کے بغیر سیاسی آزادی ممکن نہیں، اس مہینے میں ہمیں فیصلہ کرنا ہے ۔ ہماری حکومت اپنے اخراجات میں کمی کرے گی ، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں جدید علوم و ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کیلئے جتنے وسائل درکار ہوئے وہ مہیا کریں گے ۔

عصری دنیا میں میڈیا، سوشل میڈیا اور نوجوانوں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ، میڈیا کی طاقت کو مثبت تبدیلی لانے کیلئے استعمال کیا جانا اشد ضروری ہے ، علما اور دانشوروں سے گزارش ہے کہ وہ مثبت سوچ اور تحقیق کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ غلط معلومات اور پروپیگنڈا کو روکا جا سکے ، بدقسمتی سے آج غلط معلومات اور بے بنیاد پروپیگنڈے کے ذریعے معاشرے میں زہر گھولا جا رہا ہے اور تقسیم پیدا کی جا رہی ہے ۔ آئی ایم ایف پاکستان کی مشکل حالات کے باوجود محنت کا اعتراف کرتا ہے ، اس سے ہمارا حوصلہ بڑھنا چاہئے ۔ ہم فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جو قابض اور ظالم افواج کے ظلم و جبر کا نشانہ بنے ہوئے ہیں،مزید برآں وزیراعظم شہبازشریف نے برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کی صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کااظہارکیا ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پراپنی پوسٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ ہم شاہ چارلس سوم کی جلد صحتیابی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہیں۔ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں شاہ چارلس سوم اور شاہی خاندان کے ساتھ ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں