معروف اداکار لطیف کپاڈیہ کو دنیا چھوڑے 23 برس بیت گئے

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستانی سٹیج اور ٹیلی ویژن کا بڑا نام، معروف اداکار لطیف کپاڈیہ کی آج 23 ویں برسی ہے۔
لطیف کپاڈیہ نے چالیس سال تک ٹی وی اور سٹیج پر اداکاری کے جوہر دکھائے، لطیف کپاڈیہ کے مشہور ٹی وی ڈراموں میں بارش، ففٹی ففٹی، برزخ، نادان نادیہ اور شکست آرزو شامل ہیں، ان کا کام آج بھی لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہے۔
اداکار لطیف کپاڈیہ 27 مارچ 1934ء کو برٹش انڈیا کے شہر ناسک میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد وہ کراچی منتقل ہو گئے، بنیادی طور پر وہ بینکاری کے شعبے سے وابستہ تھے لیکن اداکاری کا شوق رکھتے تھے۔
پچاس کی دہائی میں جب تھیٹر اپنے عروج پر تھا تو لطیف کپاڈیہ نے بھی کئی ڈراموں میں یادگار کردار نبھائے اور تھیٹر کے منجھے ہوئے فنکار کے طور پر اپنی پہچان بنائی، لطیف کپاڈیہ 60 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن سے منسلک ہو گئے۔
لطیف کپاڈیہ کو فنی خدمات کے صلے میں 23 مارچ 2001ء کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا، اداکار لطیف کپاڈیہ 29 مارچ 2002ء کو 68 برس کی عمر میں اپنے مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر خالق حقیقی سے جا ملے۔