بینک سے نکلنے والا شہری 7لاکھ روپے سے محروم

بینک سے نکلنے والا شہری 7لاکھ روپے سے محروم

کراچی (این این آئی)کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 5 میں نجی بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری کو مسلح ملزمان نے لوٹ لیا۔واردات کا مقدمہ متاثرہ شہری کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ ڈاکو اسلحہ کے زور پر شہری سے 7 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ فرار ہوئے ۔واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کار سوار شہری رقم لے کر گھر کے قریب پہنچا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ڈاکو تعاقب کرتے ہوئے آ پہنچے ۔پولیس کے مطابق ڈاکوں نے شہری سے 7 لاکھ 80 ہزار روپے نقدی لوٹی اور واردات کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوئے ، ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔گزشتہ روز کھارادر کے علاقے جوڑیا بازار میں مسلح ملزم شہری سے 50 لاکھ روپے سے بھرا بیگ اسلحے کے زور پر لوٹ کر فرار ہوا تھا تاہم مشکوک حرکات پر پولیس نے متاثرہ شہری کو حرات میں لیا تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ پیسے لے جانے والے شہری کی حرکات مشکوک معلوم ہوتی ہیں، شہری کے پاس بڑی رقم تھی لیکن وہ باہر کسی کا انتظار کرتا رہا، موٹر سائیکل سوار مسلح شخص اکیلا ہی رقم چھین کر فرار ہوا۔پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والے شہری کو حراست میں لے لیا گیا، فوٹیج میں باآسانی دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری مشکوک انداز میں نظر آ رہا ہے ، محسوس ہو رہا ہے وہ ملزم کو خود اپنے پاس بلانے کیلئے اشارے کر رہا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں