جامعہ کراچی کی ناکارہ بسیں طلبہ کیلئے عذاب بن گئیں

جامعہ کراچی کی ناکارہ بسیں طلبہ کیلئے عذاب بن گئیں

کراچی(آئی این پی)جامعہ کراچی میں طلبہ و طالبات کیلئے مختص ناکارہ بسیں (پوائنٹس) عدم توجہی کے باعث سڑکوں پر چلنے سے قاصر ہیں۔پوائنٹس کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے طلبا و طالبات کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔۔۔

طلبہ و طالبات کا کہنا ہے کہ اس میں بیٹھنے کی جگہ تو درکنار کھڑے ہونے تک کی جگہ نہیں ہوتی۔اس کے علاوہ بسوں کی خستہ حالی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ یہ بسیں جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور زنگ آلود ہیں اور خراب ہوکر سڑک پر کہیں بھی کھڑی ہوجاتی ہیں جس سے طلبہ کو یونی ورسٹی پہنچنے میں دیر ہوجاتی ہے اور تعلیم بھی متاثر ہوتی ہے ۔ جامعہ کراچی کے 46ہزار طلبہ کے لیے صرف 28 بسیں چلتی ہیں۔ایک طالبہ کا کہنا ہے کہ پہلے تقریباً ایک سو بسیں ہوا کرتی تھیں جو اب صرف 16 یا 17 رہ گئی ہیں۔جامعہ کراچی شعبہ ٹرانسپورٹ کے انچارج دلدار خان کا کہنا ہے کہ46 ہزار طلبہ کیلئے مزید 20سے 25 نئی بسیں درکار ہیں جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور مخیر حضرات کے تعاون سے حاصل ہونے والی سی این جی بسوں کو ڈیزل پر منتقل کیا جارہا ہے جس کیلئے فی بس 25 لاکھ روپے درکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مجموعی طور 29 بسیں چلائی جارہی ہیں ۔ وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ سے اپیل ہے کہ اگر وہ فوری طور پر فنڈز جاری کردیں یا بسیں مہیا کردیں تو اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں