اینستھیزیا کے ماہر ڈاکٹروں کی کمی ،سرکاری اسپتالوں میں معمولی سرجری بھی مریضوں کیلئے کڑا امتحان

اینستھیزیا  کے  ماہر  ڈاکٹروں  کی  کمی ،سرکاری  اسپتالوں  میں  معمولی  سرجری  بھی  مریضوں  کیلئے  کڑا  امتحان

کراچی(این این آئی)شہر قائد کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی نے مریضوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔۔

 اینستھیٹک ڈاکٹروں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے اہم آپریشن میں تعطل معمول بنتا جارہا ہے جبکہ معمولی سرجری کروانا بھی مریضوں کے لیے کڑا امتحان بن چکا ہے ۔سرجری کے لیے طویل انتظارکرانا شدید نوعیت کے مریضوں کی زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہے ۔جناح اسپتال کراچی کے ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر شاہد رسول نے نجی ٹی وی سے سے گفتگو میں بتایاکہ 2012 سے جناح اسپتال میں ان ڈاکٹروں کی کوئی بھرتی نہیں ہوئی،اینستھیزیا ڈپارٹمنٹ میں کوئی پروفیسر اور ایسوسی ایٹ پروفیسردستیاب نہیں ۔انہوں نے انکشاف کیا کہ ڈاکٹروں کی قلت کی وجہ سے پتے کے معمولی آپریشن کے لیے مجبوراً سال کا وقت دینا پڑرہا ہے ۔سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بخاری نے بتایا کہ اسپتال میں 19 گریڈ کے سینئر اینستھیٹسٹ کی پانچ اسامیوں میں سے دو پر سینئر اینستھیٹسٹ ہیں، جبکہ بقیہ تین اسامیاں خالی ہیں،18 گریڈ کے اینستھیٹسٹ کی کل 20 اسامیوں میں 13 اینستھیٹسٹ ہیں، اینستھیٹسٹ ڈاکٹروں کی کمی کی سبب آپریشن ملتوی ہورہے ہیں۔عباسی شہید اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر جاوید نے بتایا کہ اینستھیزیا ڈپارٹمنٹ میں ایک سینیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر (ایس آر)،آٹھ آر ایم اوز اور ایک پی جی ہے، ڈپارٹمنٹ میں اینستھیزیا کے ڈاکٹروں کی کمی ہے ،جس کے وجہ سے آپریشن کا عمل متاثر ہورہا ہے ،عباسی شہید اسپتال میں 2012 سے کوئی بھرتی نہیں ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں