قیدی فرار کا واقعہ :جیل وارڈ کی سیکیورٹی پر مامور3اہلکار گرفتار

 قیدی فرار کا واقعہ :جیل وارڈ کی سیکیورٹی پر مامور3اہلکار گرفتار

سکھر(نمائندہ دنیا)سول اسپتال کے جیل وارڈ سے خطرناک قیدی خیرو تیغانی کے فرار ہونے کا معاملہ،جیل وارڈ کی سکیورٹی پر تعینات تین اہلکار گرفتار کرلیے گئے ۔

 تفصیلات کے مطابق سکھر کے سرکاری سول اسپتال میں قائم جیل وارڈ سے خطرناک قیدی خیرو تیغانی کے فرار ہونے والے معاملے پر جیل وارڈ پر تعینات تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق اے ایس آئی اور تین کانسٹیبلز پر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ ملزم کو فرار کروانے میں سہولت کاری کرنے کے الزام میں درج کیاگیاہے ۔ پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ پولیس نے تین اہلکاروں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ ایک اہلکار فرار ہوگیا جبکہ درج ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے خطرناک قیدی خیرو تیغانی کو فرار کروانے میں مدد کی۔پولیس اہلکاروں نے قیدی کے ساتھیوں کو جیل وارڈ تک رسائی دی۔ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں نے ملزم کے فرار ہونے کے واقعے کی پولیس ہیڈکوارٹر یا متعلقہ تھانے پر جان بوجھ کر بروقت اطلاع نہیں دی،پولیس اہلکاروں نے ملزم کے ساتھی غلام مرتضی ٰ عرف صدام سبزوئی کو 20 دن تک ملزم کے ساتھ جیل وارڈ میں رکھا جب کہ اسپتال انتظامیہ نے 5 دن قبل علاج مکمل ہونے پر قیدی کو جیل منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی ۔ پولیس اہلکاروں نے ملزم کو فرار کروانے کیلئے جان بوجھ کر جیل منتقلی میں تاخیر کی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں