لاڑکانہ :بدترین لوڈشیڈنگ،بلوں میں اضافے کیخلاف ریلی ،مظاہرہ

لاڑکانہ :بدترین لوڈشیڈنگ،بلوں میں اضافے کیخلاف ریلی ،مظاہرہ

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) سندھ کے دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ میں بھی جماعت اسلامی کی جانب سے مرکزی کال پر بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور بلوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف احتجاجی ریلی نکال کر پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا۔۔۔

 جہاں شرکا نے نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ، نادر علی کھوسو، رمیز راجہ شیخ، ریاض مشوری، عباس علی ڈاہانی، غلام حیدر کورائی، عبدالحمید مغل اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت نے فارم 47 کے اخراجات وصول کرنے میں جلد بازی کرکے غریب عوام کے خلاف مہنگائی کی شکل میں کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے ، اس کا اصل ہتھیار پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بجلی اور گیس کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ ہے ، جس سے عوام پریشان ہیں، ایک طرف قیامت جیسی گرمی میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہے تو دوسری جانب بے تحاشا ٹیکسوں کے ساتھ بجلی کے بل ہیں ، جس کی وجہ سے غریب لوگ پس رہے ہیں لیکن ظالم حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی، حکومت جو کچھ کر رہی ہے اس میں پیپلز پارٹی مکمل شراکت دار ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرکے ظالمانہ بل بھیجنے کا سلسلہ بند کیا جائے ، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں