اساتذہ اور سیکریٹری تعلیم کے درمیان مذاکرات کامیاب

اساتذہ اور سیکریٹری تعلیم کے درمیان مذاکرات کامیاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر )سندھ اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنے والے اساتذہ اور سیکریٹری تعلیم سندھ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔۔

مظاہرین نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب کے باہر سندھ سے آئے اساتذہ کئی روز سے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دے رہے ہیں لیکن گزشتہ روز جب انہوں نے سندھ اسمبلی جانے کی کوشش کی تو پولیس کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا گیا۔احتجاجی مظاہرین کی جانب سے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش پر پولیس نے انہیں آرٹس کونسل کے قریب روک لیا جبکہ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کی جانب جانے والی سڑک ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ۔سندھ کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے اساتذہ اپنی نوکریوں کو مستقل کرنے کے لیے کئی روز سے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کررہے ہیں، ان تمام اساتذہ کی تقرری وفاقی محکمہ تعلیم کی جانب سے سندھ میں کی گئی تھی۔اس حوالے سے محکمہ تعلیم واضح موقف اختیار کرچکا ہے کہ تمام اساتذہ کو مستقل کرنے کا فیصلہ ٹیسٹ کے نتائج کی بنیاد پر کیا جائے گا۔سندھ اسمبلی کی جانب مارچ کے دوران پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ بھی ہوئی، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے مزید نفری بھی طلب کرلی اور واٹر کینن بھی منگوائے ۔اس سے قبل محکمہ تعلیم نے احتجاجی اساتذہ کو یقین دہانی کروائی تھی کہ ان تمام اساتذہ کو سندھ نے جو معیار مقرر کیا ہے ، اس کے مطابق مستقل کیا جائے گا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں